• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

استحکام پاکستان پارٹی کا منشور آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

شائع July 9, 2023
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا نظریہ اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرے گا—فوٹو:فردوس عاشق اعوان ٹوئٹر
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا نظریہ اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرے گا—فوٹو:فردوس عاشق اعوان ٹوئٹر

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی پہلی باضابطہ پریس کانفرنس میں سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کی رجسٹریشن آخری مراحل میں ہے اور اس کا منشور باضابطہ طور پر آئندہ ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام معاشی مشکلات کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہیں اور ملک کے ان مسائل کا حل صرف استحکام پاکستان پارٹی کے پاس ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے خود کو ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو درپیش صورتحال سے دوچار کردیا، سابق وزیر اعظم اس صورتحال میں صرف اس لیے پھنسے کہ انہوں نے ان موقع پرست لوگوں کے مشورے پر عمل کیا جنہوں نے انہیں گھیر رکھا تھا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک پر مایوسی اور معاشی بدحالی کے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں اور استحکام پاکستان پارٹی شہریوں کے لیے امید کی کرن بن کر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ استحکام پاکستان پارٹی روشن مستقبل کو یقینی بنانے اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے نوجوانوں کی ترقی کے لیے روڈ میپ تیار کرے گی۔

انہوں نے ملک میں کئی اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی، قانونی اور انتخابی اصلاحات کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا نظریہ اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خراب معاشی صورتحال کے باعث ملک کی سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور اس چیلنج پر کامیابی سے قابو پانے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے، انہوں سوال اٹھایا کہ کوئی قوم اپنی آدھی فوج کے بغیر کیسے جنگ جیت سکتی ہے؟ .

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024