• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی: خاتون کو ہراساں کرنے کا معاملہ، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

شائع July 7, 2023
پولیس نقاب پوش نوجوان کو تاحال تلاش نہیں کر سکی — فوٹو: اسکرین گریب
پولیس نقاب پوش نوجوان کو تاحال تلاش نہیں کر سکی — فوٹو: اسکرین گریب

پولیس نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے پر نامعلوم نوجوان موٹرسائیکل سوار کے خلاف خاتون کی توہین اور عوام میں ہراساں کرنے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

کراچی شرقی کے سینئر سپرینٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) زبیر نذیر شیخ کے مطابق ریاست کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کردی گئی ہے جبکہ ملزم تاحال ناقابل رسائی ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 4 میں پولیس اسٹیشن سے تقریباً 3 سے 4 کلومیٹر دور مکان نمر اے-112 کے قریب سسی ہومز کے باہر پیش آیا۔

درخواست گزار پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی اور بعد میں آئی ٹی کو دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ نظر آرہا ہے کہ ایک نامعلوم شخص سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ، سفیدشارٹس اور ماسک پہنے ہوئے ہے اور اپنی موٹرسائیکل کھڑی کرتے ہیں، موٹرسائیکل سے اتر ملزم نازیبا حرکات کرتے ہیں اور شارٹس اتار کر خاتون کا پیچھا کیا جو برقعہ پہنے ہوئی تھیں اور گلی سے گزر رہی تھیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے انہیں دبوچنے کی کوشش کی، ان کی بے عزتی اور جنسی طور پر ہراساں کیا جبکہ خاتون نے مزاحمت کی جس پر ملزم نے شارٹس پہنا اور مورٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔

مقدمہ تعزیرات پاکستان کے دفعات سیکشن 294 (نازیبا حرکات اور جملے کسنے)، 354 (تشدد اور خاتون کی بے عزتی کرنے کی نیت سے زبردستی کرنا اور 509 (جنسی طور پر ہراساں کرنے) کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ نے کہا کہ تفتیش کاروں نے ملزم کی شناخت کے حوالے سے کچھ معلومات حاصل کرلیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روٹ کا نقشہ بنایا گیا تھا اور مزید ثبوت بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزم کے فرار ہونے کے ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں، جس میں ملزم نے ماسک اتار دیا تھا، اس سے تفتیش کاروں کو ان کی شناخت میں مدد مل سکتی ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معاملے کو نوٹس لیتے ہوئے اس سے شرم ناک فعل قرار دیا تھا اور آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف کو ملزم کی فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ کراچی پولیس نے مذکورہ واقعے کا نوٹس 5 جولائی کو اس وقت لیا تھا جب سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہوئی تھی۔

پولیس نے بتایا تھا کہ واقعہ پیر(3 جولائی) کو گلستان جوہر کے بلاک 4 میں جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا، ٹیم کے ارکان وہاں نجی سیکیورٹی گارڈز، گھریلو ملازمین اور موٹر سائیکل سواروں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے سامنے آنے والے اس واقعے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نقاب پوش شخص اپنی بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل پارک کرکے اپنی شارٹس اتار کر ایک راہگیر خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قریبی رہائش گاہ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوا جس کے مکینوں نے بعد میں ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024