• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شادی کے وقت نکاح نامے کی تمام شقیں پڑھوں گی، ماورا حسین

شائع July 7, 2023
ماورا نے کہا کہ  پیار و محبت میں پاگل ہوجانا غلط ہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام/ماورا حسین
ماورا نے کہا کہ پیار و محبت میں پاگل ہوجانا غلط ہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام/ماورا حسین

اداکارہ ماورا حسین کا کہنا ہے کہ جب وہ شادی کریں گی تو وہ اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقیں بغور پڑھیں گی۔

ماورا حسین نے فوشیا میگزین کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے نئے ڈراما سیریل ’نیم‘ میں اپنے کردار ’زیمل‘ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

ڈراما سیریل ’نیم‘ میں رومانوی کہانی کے ساتھ ساتھ ملک میں تعلیم کی کمی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ڈرامے میں ماورا حسین ’زیمل‘ کا کردار ادا کررہی ہیں، جو ایک شائستہ اور مہربان خاتون ہے جو بچوں کو تعلیم فراہم کرتی ہیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران ماورا حسین نے ڈرامے کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسکرپٹ پر دستخط کرتے ہوئے میں یہ نہیں سوچتی کہ اس میں سماجی پیغام نہیں ہے تو میں نہیں کروں گی، اگر اسکرپٹ میں جو پیغام دیا جارہا ہے وہ معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے تو میں کوشش کرتی ہوں کہ وہ ڈراما نہ کروں۔‘

ماورا نے اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ ’زیمل پُرعزم لڑکی ہے جو معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔‘

ڈرامے کی کہانی میں رومانوی تاثر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پیار اور محبت غلط بات نہیں ہے لیکن یہ سوچنا کہ ہم محنت بھی نہ کریں اور کوئی شہزادہ ہمیں بچا لے گا، یہ بے وقوفی والی بات ہے، ہمارے معاشرے میں لڑکیاں ایسے سوچتی ہیں۔‘

ماورا نے کہا کہ ’پیار و محبت میں پاگل ہوجانا غلط ہے، محبت ایک دوسرے کی زندگی میں دخل اندازی کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک پُرسکون احساس ہے، آپ کا ساتھی یہ سمجھے کہ آپ کے لیے کیا اہم ہے اور آپ کس چیز کے لیے پرُجوش ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں محبت میں گرفتار ہونے کے خلاف نہیں ہوں لیکن یہ سوچنا کہ محبت آپ کی زندگی کے تمام مسائل کو ختم کردے گی، بالکل غلط ہے، رشتے میں خواہش اور محبت سر پر سوار نہیں کرنی چاہیے، دونوں کو برابر لے کر چلنا چاہیے۔‘

اداکارہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مجھے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا تو میں بہت زیادہ متاثر ہوئی تھی، یہ اتنی بری چیز ہے کہ آپ کا دل چاہتا ہے کہ اس سے دور بھاگ جائیں، اور سمجھ نہیں آتا کہ اس وقت کیا کریں۔‘

ماورا کہتی ہیں کہ ’نامعلوم لوگوں کی طرف سے تنقید اور تبصرے کرنا ہی صرف ٹرولنگ نہیں ہے، بلکہ اگر کوئی مخصوص شخص جو کوئی مخصوص عہدہ رکھتا ہے وہ کسی ٹی وی شو، گیم شو یا انٹرویو کے دوران اداکاروں پر تبصرہ کرتا ہے، تو وہ بھی ٹرولنگ کے زمرے میں آتا ہے، اُس وقت آپ شاید کسی گیم شو یا انٹرویو میں صرف مذاق کر رہے ہوتے ہیں لیکن جس اداکار پر آپ تبصرہ کر رہے ہیں شاید وہ پہلے ہی اپنی زندگی میں جدوجہد کر رہا ہو اور آپ کے الفاظ سے اسے مزید ٹھیس پہنچی ہو۔‘

شادی کرتے ہوئے نکاح نامے میں طلاق کی شق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نے ابھی تو اس بارے میں کچھ نہیں سوچا لیکن جب وقت آئے گا تو اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقوں پر بات کروں گی، کیونکہ دونوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔‘

انہوں نے شادی کے لیے جیون ساتھی ملنے کے بارے میں سوال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب کوئی ملے گا تو سوشل میڈیا پر سب کو پتا چل جائے گا۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024