• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: بڑھتی لاگت، روپے کی گرتی قدر کے باعث بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ سنگین مشکلات کا شکار

شائع July 7, 2023
ٹھیکیدار اپنے کام کی لاگت میں حالیہ اضافے کے بعد طے شدہ قیمتوں پر کام جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار
ٹھیکیدار اپنے کام کی لاگت میں حالیہ اضافے کے بعد طے شدہ قیمتوں پر کام جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار

حکومت سندھ نے کئی ملین ڈالر مالیت کے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے سمیت میگا ٹرانسپورٹ اسکیموں سے متعلق مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جب کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے تخمینہ شدہ لاگت میں بھاری اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ تعمیراتی سامان کی تیزی سے بڑھتی قیمتوں اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے درمیان حکومت کو بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کو مکمل کرنے میں سنگین چیلنج کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کی تخمینہ شدہ لاگت حکام کے لیے نئے چیلنج کے طور پر سامنے آئی ہے جب کہ وہ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر سے بچنے کے لیے تیز رفتاری سے اس کی تعمیر چاہتے ہیں کیونکہ تاخیر سے اس کی لاگت میں کافی اضافہ ہوجائے گا۔

حکام نے بتایا کہ اب تک کی پیشرفت اور تازہ چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے محکمے کے سینئر حکام کے اجلاس کی صدارت کی اور کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جس کی سربراہی سیکریٹری ٹرانسپورٹ کریں گے۔

ذرائع نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بنائی گئی کمیٹی منصوبے کی روزانہ کی پیش رفت کا جائزہ لے گی اور اہم بات یہ ہے کہ کمیٹی مختلف ٹھیکیداروں کی جانب سے اٹھائے گئے لاگت سے متعلق مسائل پر بھی غور کرے گی۔

منصوبے کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، کمیٹی کنٹریکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر عالمی ڈونر کی جانب سے طے شدہ شرائط و ضوابط کی روشنی میں ان مسائل کا کوئی حل نکالے گی۔

ذرائع نے کہا کہ ٹھیکیدار اپنے کام کی لاگت میں حالیہ اضافے کے بعد طے شدہ قیمتوں پر کام جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں، اس لیے حکومت کو منصوبے کی تعمیر میں اکثر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے ان مسائل کو ایک بار اور ہمیشہ کے لیے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کمیٹی کے ارکان کو حتمی حل نکالنے کی ہدایت کی ہے۔

ریڈ لائن منصوبہ ’کراچی بریز‘ کے نام سے جانے والے منصوبے کا حصہ ہے، یہ تقریباً 112 کلومیٹر سے طویل بی آر ٹی پروجیکٹس کا حصہ ہے جس میں پانچ مختص لائنیں شامل ہیں، تاہم اب تک پانچ میں سے صرف 2 لائنیں گرین لائن اور اورنج لائن ہی شروع کی جا سکی ہیں۔

49 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی مجموعی تخمینہ شدہ لاگت اور عالمی اداروں کے تعاون سے 26 کلومیٹر طویل ریڈ لائن بی آر ٹی مخصوص ٹریک کے ذریعے مسافروں کو ماڈل کالونی سے یونیورسٹی روڈ کے راستے نمائش چورنگی تک لے جائے گی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا شرجیل میمن نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024