• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شعیب اختر نے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کےخلاف حکم امتناع حاصل کرلیا

— فائل فوٹو: ٹوئٹر/ پرومو فوٹو
— فائل فوٹو: ٹوئٹر/ پرومو فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے خلاف حکم امتناع حاصل کرلیا۔

شعیب اختر نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی پر غیر قانونی طور پر بنائی جانے والی فلم کو بنانے اور اسے ریلیز سے روکنے کے لیے حکم امتناع حاصل کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے معاہدے کو ختم کرنے کے باوجود فلم بنانے والے چند افراد انہیں فلم بنانے کی دھمکی دیتے رہے، جس کی وجہ سے انہیں حکم امتناع حاصل کرنا پڑا۔

سابق کرکٹر کے مطابق انہیں فلم کی ٹیم نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہر حال میں ان کی زندگی پر فلم بناکر اسے ریلیز کریں گے، جس کے باعث انہیں عدالت جانا پڑا۔

انہوں نے لکھا کہ ان کی جانب سے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے معاہدے سے دستبردار ہونے کے باوجود ان کی بائیو پک بنائی جا رہی تھی۔

اگرچہ شعیب اختر نے بتایا کہ انہوں نے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے خلاف حکم امتناع حاصل کرلیا، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ انہوں نے کون سی عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا۔

انہوں نے رواں برس جنوری میں اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث فلم کی انتظامیہ سے تعلقات ختم کرنے پڑے اور اب وہ اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا مزید حصہ نہیں ہیں۔

سابق فاسٹ باؤلر نے معاہدہ ختم ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ اپنی زندگی پر فلم بننا یقینی طور پر ان کا خواب ہے اور اسے حقیقی رنگ دینے کے لیے انہوں نے بہت کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہیں ہوسکیں۔

فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کو نومبر 2023 تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا لیکن اس سے پہلے ہی شعیب اختر نے فلم کی ٹیم سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

’راولپنڈی ایکسپریس‘ کو بنانے کا اعلان جولائی 2022 میں کیا گیا تھا، ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ فلم میں شعیب اختر کا کردار گلوکار و ماڈل عمیر جسوال کریں گے۔

تاہم نومبر 2022 میں گلوکار عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں سابق فاسٹ باؤلر کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

عمیر جسوال کی جانب سے فلم سے علیحدگی کے اعلان کے چند ماہ بعد ہی شعیب اختر نے بھی فلم کی ٹیم سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024