• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فریج سے گوشت کی بدبو ختم کرنے کے طریقے

فریج کو صاف کرنے کے کئی گھریلو نسخے ہیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹٓاک
فریج کو صاف کرنے کے کئی گھریلو نسخے ہیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹٓاک

عیدالاضحیٰ کے موقع پر اکثر لوگ قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کے بعد جو حصہ بچ جاتا ہے اسے فریز کر لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ہفتوں تک فریج میں رکھے ہوئے گوشت سے ناگوار بُو رہ جاتی ہے۔

اکثر خواتین شکایت کرتی ہیں کہ اچھی طرح سے فریج کی صفائی کے بعد بھی اس میں سے آنے والی بُو ختم نہیں ہوتی جس کی عام وجہ یہ ہے کہ ہم گوشت کو بغیر دھوئے فریز کرلیتے ہیں، جس کی وجہ سے گوشت کا خون جم جاتا ہے، دوسری وجہ یہ ہے کہ ہم گوشت سے بنا سالن بھی فریج میں کئی دنوں تک رکھ لیتے ہیں جس کی مصالحہ جات کی مہک انتہائی تیز ہوتی ہے۔

امریکا کے محکمہ زراعت کی فوڈ اینڈ سیفٹی سروس کی ویب سائٹ کے مطابق فریج کو صاف کرنے کے متعدد طریقے ہیں جن میں اکثر لوگ سرکہ، بیکنگ سوڈا، کافی، چارکول اور کلورین ڈائی آکسائیڈ کا استعمال کرتے ہیں۔

فریج یا فریزر سے بدبو دور کرنے کے لیے سب سے پہلے فریج میں رکھی پرانی کھانے کی اشیا (جو کھانے کے قابل نہیں ہیں) کو پھینک دیں۔

اب فریج کے تمام شیلف، آئس ٹرے نکال لیں، انہیں گرم پانی یا صابن سے اچھی طرح صاف کریں، پھر اسے کسی جراثیم کش سلوشن سے دھو لیں، مثال کے طور پر ایک کھانے کا چمچ مائع کلورین بلیچ کو فی گیلن پانی میں ملا کر دھو لیں۔

اب فریزر میں جمی ہوئی برف کو صاف کرنے کے لیے اس کے پگھلنے کا انتظار کریں، جب برف پگھل جائے تو اسے کسی کپڑے کی مدد سے باہر نکال لیں۔

ریفریجریٹر اور فریزر کے اندرونی حصے کو بیکنگ سوڈا سے دھو لیں اور فریج کے دروازے کے باہر کے حصے کو پانی میں ملے سینیٹائزر سے دھوئیں۔

اور پھر فریج کے دروازے کو تقریباً 15 منٹ کے لیے کھلا چھوڑ دیں۔

فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

تاہم آپ اس کے علاوہ کئی گھریلو نسخوں پر عمل کرسکتے ہیں۔

سرکہ

سرکہ آپ کے فریج سے گوشت کی بدبو دور کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے، اس کے علاوہ یہ ایک محفوظ اور قدرتی بلیچ بھی ہے، جو آپ کے فریج پر موجود داغ دھبوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

فریج کے اندرونی حصے کو صاف کرنے کے لیے سرکہ استعمال کرسکتے ہیں، ایک اسپرے بوتل میں سرکہ اور پانی کو برابر مقدار میں مکس کریں، فریج کے حصے کو اسپرے کرتے جائیں، اس دوران صفائی کے لیے کسی مائیکرو فائبر کپڑے کا استعمال کریں۔

خیال رہے کہ کسی تیز یا نوکیلے کپڑے کا استعمال نہ کریں ورنہ فریج کو نقصان ہوسکتا ہے۔

بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا کو لیموں کے رَس میں برابر مقدار میں مکس کریں اور تھوڑے پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں، اب اس پیسٹ کو کپڑے کی مدد سے فریج کے گندے حصے کو صاف کریں۔

کافی

کافی بدبو کو جذب اور ختم کرنے میں مدد کر سکتی ہے، آپ اپنے فریج یا فریزر میں کافی کا پیالہ رکھ سکتے ہیں تاکہ بدبو یا کھانوں کی خوشبو کو ختم کیا جا سکے۔

لیکن خیال رکھیں کہ یہ طریقے آپ فریج کی صفائی سے کچھ روز قبل کریں تو بہتر ہے۔

چارکول

ریفریجریٹر سے گوشت کی بدبو سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک اور طریقہ کوئلہ (چارکول) استعمال کرنا ہے، درحقیقت چارکول زہریلے کیمیکلز کو جذب کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ایک چھوٹے سے پیالے میں کچھ مقدار تیل ڈال کر اس میں کوئلہ رکھ دیں، پہلے اس جگہ کا انتخاب کریں جہاں سے زیادہ بو آئے، یاد رہے کہ ایک ماہ بعد اسے نکال دیں۔

لیموں

لیموں کا رس لے کر اس میں لونگ ڈالیں اور فریج کی اندورنی سطح پر لگائے، اور پھر کسی صاف کپڑے سے دھولیں، یہ خوشبو کا احساس دینے کے ساتھ ساتھ فریج کی بدبو کو ماردیتا ہے۔

اگر اوپر دیے گھریلو نسخوں کے مطابق بھی بدبو کا خاتمہ نہ ہوسکے تو ممکنہ طور پر آپ کے فریج میں مسئلہ ہے۔

فریج کو فوری کسی ایسے فرد کو دکھائیں جو گھر کے آلات ٹھیک کرنے میں ماہر ہو، اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو آپ کو نیا فریج لینے کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024