• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
ہر سال کی طرح آج عید کے موقع پر ملک بھر میں پاکستانی فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں—فائل فوٹو: فلم پوسٹرز

عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی یہ فلمیں دیکھنا مت بھولیں

اس عید پر 5 پاکستانی فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں، جو آپ کے قریبی سنیما گھروں کی زینیت بنے گیں۔
شائع June 29, 2023

عیدالاضحیٰ ایسا تہوار ہے جسے مسلمان جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں، خاندان کے تمام افراد ایک ساتھ مزیدار پکوان کے ساتھ پسندیدہ فلمیں اور خصوصی ڈرامے بھی شوق سے دیکھتے ہیں۔

آج اسی موقع پر ملک بھر میں کچھ فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں، اس عید کو مزید خوشگوار اور یادگار بنانے کے لیے اپنے پیاروں کے ساتھ آج ریلیز ہونے والی فلمیں ضرور دیکھیں۔

تیری میری کہانیاں

پاکستان کے متعدد نامور ہدایت کار اور لکھاری جب ایک ساتھ ایک ہی پروجیکٹ پر کام کریں تو یقیناً عوام کی امیدیں بھی بڑھ جاتی ہیں، خصوصاً جب پروجیکٹ کی کاسٹ میں پاکستان کے بڑے نام شامل ہوں۔

’تیری میری کہانیاں‘ پاکستانی سینما میں آج ریلیز ہورہی ہے، یہ فلم 3 مختلف فلموں کا مجموعہ ہےجس میں 3 مختلف کہانیاں شامل کی گئی ہیں۔

فلم کی کہانی کا پہلی کہانی کا نام جن محل ہے، جسے ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں تخلیق کیا گیا ہے جس میں نامور اداکارہ مہوش حیات اور وہاج علی اداکاری کررہے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں اداکار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے جبکہ وہاج علی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

فلم کی دوسری کہانی پسوری ہے جس کا اسکرپٹ اداکار واسع چوہدری نے لکھا ہے، جبکہ مرینہ خان نے ہدایت کار کے کام سرانجام دیے ہیں، شہریار منور اور رمشا خان کے علاوہ آمنہ الیاس اور زاہد احمد کہانی میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

فلم کی کہانی کا تیسری کا نام ایک سو تئیسواں ہے، جس کی تحریر اور ہدایت کاری نبیل قریشی نے سرانجام دی ہے، حقیقی زندگی کا جوڑا سلمان ثاقب (مانی) اور حرا مانی اس کہانی کے مرکزی کردار ہوں گے۔

بے بی لیشیس

اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی آنے والی رومانٹک مصالحہ فلم ’بے بی لیشس‘ (Babylicious) بھی آج آپ کے قریبی سنیما گھروں میں ریلیز ہورہی ہے۔

فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں دونوں کو نہ صرف محبت کرتے دکھایا جائے گا بلکہ دونوں کے درمیان اختلافات بھی دکھائے جائیں گے۔

فلم میں سائرہ یوسف ، شہروز سبزواری نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فلم میں دیگر اداکاروں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جن میں اداکار مانی سرفہرست ہے، ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو مصالحہ اور ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا، تاہم فلم میں زیادہ تر رومانس کو دکھایا جائے گا۔

اللہ یار اینڈ دی 100 فلاوز آف گاڈ :

پاکستان کی پہلی ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اینی میٹڈ فیچر فلم ’اللہ یار اینڈ دی 100 فلاورز آف گاڈ‘ (AllarYar and the 100 Flowers of GOD) 2 آج ملک بھر میں ریلیز ہورہی ہے۔

یہ فلم سائنس فکشن اور ایڈونچر پر مبنی پاکستانی تھری ڈی فلم ہے جسے تھرڈ ورلڈ اسٹوڈیو اسلام آباد کی پروڈکشن میں تخلیق کیا گیا ہے، یہ اینی میٹڈ فلم اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور کا سیکوئل ہے جو سال 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

فلم کی کہانی پاکستان کے شمالی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان لڑکے اللہ یار کے گرد گھومتی ہے، فلم میں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور درختوں اور جنگلات کی اہمیت جیسے موضوعات شامل ہیں۔

اینی میٹڈ فلم کے کرداروں کی وائس اوور کاسٹ میں معروف اداکار شامل ہیں جن میں ہمایوں سعید، علی ظفر، اقرا عزیز، میرا، بشریٰ انصاری، نادیہ جمیل، انعم زیدی، اذلان عزیر اور اظفر جعفری، علی نور، صنم ماروی اور گریہن بینڈ نے اس فلم میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

مداری

عید الاضحیٰ پر سنیماؤں کی زینت بننے والی ’مداری‘ کی کہانی کراچی کی ہے، یہ انسانوں سے چھلکے پڑتے اس شہر میں سیاست اور جرم کے بھید بھرے ملاپ سے وجود میں آنے والی خونیں حکایت بڑے سرسری انداز میں، بڑی احتیاط سے اور نہایت اختصار کے ساتھ اور ڈرتے ڈرتے سناتی ہے۔

فلم کے ہدایت کار سراج السالکین ہیں، کہانی بھی سراج نے لکھی ہے جس میں ان کے شریک لکھاری علی رضوی ہیں، جب کہ بطور فلم ساز بھی شریک کار ہیں۔

وی آئی پی

عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی تفریحی فلم ’وی آئی پی‘ کی کاسٹ میں زیک ، نمرہ شاہد ، سیلم معراج ، عرفان موتی والا سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ ہدایت کار رعنا کامران نے انجام دی ہے۔

فلم کی کہانی سیاسی منظر نامے کے گرد گھومتی ہے جس الیکشن ، میئر کا انتخاب ، جھوٹے سیاسی وعدے اور سیاسی رسہ کشی کی جھلک کے ساتھ ساتھ مزاح کا تڑکا بھی دیکھنے کو ملے گا۔