• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

شائع June 29, 2023
عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
چارسدہ میں عیدالاضحیٰ کے تہوار پر لگنے والے میلے کے دوران علاقائی رقص کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
چارسدہ میں عیدالاضحیٰ کے تہوار پر لگنے والے میلے کے دوران علاقائی رقص کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں اہلیان پاکستان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔

10 ذی الحج 1444 کو آج پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا جہاں علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے بعد پاکستان کے کوچے کوچے میں شہری حسب استطاعت سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔

ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف اور صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

قائم مقام صدر اور وزیر اعظم کا قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف اور قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں مساوات، تزکیہِ نفس اور دل و جذبات کی طہارت اس عظیم قربانی کے وہ ثمرات ہیں جن سے بہرہ ہ ور ہوئے بغیر سنت ابراہیمیؑ کی اصل روح تک نہیں پہنچا جا سکتا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کا بنیادی فلسفہ قربانی، ایثار و خلوص اور اللہ کی راہ میں اپنی عزیز ترین چیز نچھاور کرنا ہے۔

بدھ کو عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں عید الا ضحیٰ اور عظیم اسلامی عبادت حج کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہماری قربانیوں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے اس پر مسرت موقع پر اللہ کے حضور پیش کی جانے والی قربانی ہمیں حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام اور ان کے لخت جگر حضرت اسمعٰیل ذبیح اللہ علیہ السلام کی یاد دلاتی ہے اور یہ بتاتی ہے کہ ہمارے دنیاوی رتبے سے قطع نظر ہم تب تک رب کی بندگی اور مکمل اطاعت کے دعویدار نہیں ہو سکتے جب تک ہم خالق و مالک کی بارگاہ میں اپنی بہترین اور محبوب چیز کی قربانی کا جذبہ و حوصلہ نہیں رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحی کا بنیادی فلسفہ قربانی، ایثار و خلوص اور اللہ کی راہ میں اپنی عزیز ترین چیز نچھاور کرنا ہے، مساوات، تزکیہِ نفس اور دل و جذبات کی طہارت اس عظیم قربانی کے وہ ثمرات ہیں جن سے بہرہ ہ ور ہوئے بغیر سنت ابراہیمیؑ کی اصل روح تک نہیں پہنچا جا سکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر جہاں ہم اپنے جانوروں کی قربانی کا گوشت غریبوں میں تقسیم کریں، وہیں ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ گوشت کے علاوہ بھی جس قدر ممکن ہو سکے محتاجوں اور ضرورت مندوں کی امداد کریں تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عید قرباں منانے کا مقصد یہ ہے کہ مسلمانوں کے اندر وہی روح ، اسلام و ایمان کی وہی کیفیت اور خدا کے ساتھ محبت و وفاداری کی وہی شان پیدا ہو جس کا مظاہرہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اپنی زندگی میں کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس عید قرباں پر غربا اور مساکین کی مدد کرتے وقت خاص طور پر اپنے اردگرد ایسے لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جو گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں سے بے گھر ہوئے، مجھے بھرپور احساس ہے کہ پاکستان اس وقت مہنگائی کی زد میں ہے جو زیادہ تر بیرونی عوامل سے پیدا شدہ افراط زر اور کساد بازاری کے اثرات کی بدولت ہے اور یقین دلایا کہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی ریلیف پر صرف کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے اس مبارک موقع پر میری یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پورے عالم اسلام کو امن و سلامتی اور ترقی کا گہوارہ بنائے اور دنیا میں جہاں جہاں مسلمان مصیبتوں کا شکار ہیں بالخصوص کشمیر اور فلسطین کے مظلوم بہن بھائیوں کی مشکلات و پریشانیوں کو ختم کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قربانی کی تعلیمات اور حج کا پیغام امن، برداشت، بھائی چارہ اور اللہ تعالی کے احکامات کی بجا آوری ہے، انہی مقاصد کے حصول کے پیش نظر عید الاضحیٰ کا صحیح حق تو اس وقت ادا ہو گا جب ہم اس کے تقاضوں کو پورا کریں گے اور اس کی ضرورت، اہمیت، افادیت اور مقصدیت پر غور و فکر کر کے اس کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔

اپنے پیغام میں قائم مقام صدرنے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا اور ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کے لیے یکجان ہونا چاہیے۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں، عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں، شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیراعظم، آرمی چیف کی پارا چنار میں فوجی جوانوں کے ساتھ نمازِعید

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف آج آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ پاراچنار پہنچے جہاں انہوں نے سرحد پر ڈیوٹی انجام دینے والے فوجیوں کے ساتھ عید منائی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے عیدالضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر پاک فوج کے جوانوں کو مبارکباد دی اور ان کے حوصلے بلند کیے۔

ماہرین کا کانگو وائرس سے محتاط رہنے کا مشورہ

ماہرین صحت نے جانوروں کو سنبھالنے اور ذبح کرنے میں انتہائی احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگو وائرس سے بچنے کے حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹک بورن کریمین کانگو ہیمرجک فیور (سی سی ایچ ایف) ، جسے اکثر کانگو بخار کہا جاتا ہے، کا شکار ہونے کا خطرہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس وقت زیادہ ہوتا تھا جب جانوروں کو قربان کیا جا رہا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیماری اکثر متعدد عوامل کی وجہ سے جان لیوا ثابت ہوتی ہے، جس میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ بیماری جسم کے اندر اور باہر اچانک خون کی کمی کا باعث بنتی ہے۔ ماہرین نے مزید کہا کہ اس مرض کی کوئی محفوظ اور موثر ویکسین دستیاب نہیں ہے اور اس کا علاج صرف علامات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024