• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

گزشتہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، وزیراعظم

شائع June 28, 2023
وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی کی پی آئی اے سے متعلق کاوشوں کی تعریف کی—فوٹو:پی ایم ایل این ٹوئٹر
وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی کی پی آئی اے سے متعلق کاوشوں کی تعریف کی—فوٹو:پی ایم ایل این ٹوئٹر

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی جو عید کے بعد پی آئی اے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو پی آئی اے کی بہتری کے لیے مجوزہ روڈ میپ اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم احد خان چیمہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، وفاقی وزرا سید نوید قمر، محمد اسحٰق ڈار، احسن اقبال، معاون خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے اراکین میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، معاون خصوصی جہانزیب خان اور سیکریٹری ایوئی ایشن شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹی اسحاق ڈار کی سربراہی میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور بحالی کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے اپنی سفارشات عید کے بعد کابینہ میں پیش کرے گی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قومی ایئر لائن کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 49 کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی کی پی آئی اے سے متعلق کاوشوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن خسارے سے نکلنے کی استعداد رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ائیرلائن نے یورپ اور امریکا کے فضائی راستے گنوا دیے ہیں، گزشتہ حکومت کی اس نا اہلی کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے نا اہل وزرا نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کاروباری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا۔

شہباز شریف نےکہا کہ پی آئی اے اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے جب اس کو خالصتاً نفع اور نقصان کی بنیاد پر پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسا پالیسی نظام لے کر آنے کی طرف قدم بڑھا رہی ہے جہاں حکومت کا کام صرف پالیسی فیصلے اور سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد اور کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی، صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو عید کی مبارک باد دی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے وا لا اعلیٰ سطح کا اسٹریٹجک تعاون کونسل کا ساتواں اجلاس دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات بالخصوص اقتصادی شعبہ میں مزید مضبوط بنانے کے لیے آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخی رشتوں پر استوار ہیں، قیادت کی سطح پر باقاعدگی سے رابطہ اس اسٹریٹجک شراکت داری کی نمایاں خصوصیت ہے۔

وزیراعظم کا امیر قطر کو ٹیلی فون، عیدالاضحٰی کی مبارک

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے امیر قطر کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عیدالاضحٰی کی مبارک دی، امیر قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو عید کی مبارک دی اور جوابی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں قائدین نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ اور گرم جوشی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی اور فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی اہمیت کے امور پر باہمی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا، امیر قطر نے ٹیلی فون کرنے اور عید کی مبارک باد دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

عید الاضحیٰ قربانی، مساوات، ہمدردی کے جذبے کی علامت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے عید کے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ قربانی، مساوات اور ہمدردی کے جذبے کی علامت ہے، یہ تہوار سماجی و اقتصادی عدم مساوات کو کم کرکے اتحاد کو فروغ دیتا ہے، ہمدردی کے جذبات کو تقویت دیتا ہے اور اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہونے کے جذبات پیدا کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ رسم و رواج کی حقیقی پابندی ہم سے تقویٰ اور صفائی ستھرائی کی زندگی اپنانے کا تقاضا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر میں مسلمانوں کو بالعموم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی طور پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں جو آج یہ تہوار منا رہے ہیں، اللہ تعالی ان کی زندگیوں کو امن اور خوش حالی سے نوازے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024