• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

سینئر اداکار راشد محمود چوتھی بار فالج کا شکار، مالی مدد کی اپیل کردی

شائع June 28, 2023 اپ ڈیٹ June 29, 2023
اداکار پی ٹی وی کے ساتھ ایک طویل عرصے تک وابستہ رہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام/راشد محمود
اداکار پی ٹی وی کے ساتھ ایک طویل عرصے تک وابستہ رہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام/راشد محمود

ماضی کی مقبول فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے والے سینئر اداکار راشد محمود کا کہنا ہے کہ وہ چوتھی بار فالج کا شکار ہوئے ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے 2 لاکھ کا چیک ملنے پر انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا ایک فنکار کی صرف اتنی قیمت ہے؟‘

راشد محمود کا شمار پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے، اداکار پی ٹی وی کے ساتھ ایک طویل عرصے تک وابستہ رہے، ان کے مقبول ڈراموں میں شاہین، کاجل گھر، مرزا غالب، ریاست، محبت روٹھ جائے تو، ضرار اور دیگر شامل ہیں۔

راشد محمود نے یوٹیوب چینل ڈیلی پوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے گھر کی مالی حالات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ رواں سال وہ چوتھی بار جزوی طور پر فالج کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ، پاؤں اور چہرہ متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2 لاکھ کا چیک بھجوایا تھا جس کا مجھے بہت دکھ ہے، مجھے عزت اور وقار چاہیے بھیک نہیں چاہیے۔

راشد محمود نے کہا کہ ساری زندگی شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد میری قدر صرف 2 لاکھ روپے ہے، میں نے کبھی بھی حکومت سے مطالبہ کیا نہ چندہ مانگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سے 5 سال کے دوران اور عالمی وبا کووڈ-19 کے بعد سے شوبز انڈسٹری بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے، بالخصوص پی ٹی وی کے ڈرامے بند کرکے ترکش ڈرامے دکھائے جانے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں شکوہ شکایت کرنے والا انسان نہیں ہوں، 2015 میں مجھے پہلا فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد دوسری بار 2018 میں ہوا تو دل کی بیماری میں مبتلا ہوگیا اور پھر تیسری بار 2021 میں اس بیماری کا شکار ہوا، اس دوران میں نے اپنی جمع پونجی کے ذریعے علاج کروایا۔

سینئر اداکار نے انکشاف کیا کہ ’میں رواں سال چوتھی بار فالج کا شکار ہوا ہوں، میرے پاس علاج کے پیسے نہیں تھے تو میری بیٹی اور اہل خانہ نے مدد کی، تاہم جب نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کو میری صحت کا علم ہوا تو انہوں نے فون کرکے میرے علاج کے اخراجات کی ذمہ داری اٹھانے کی یقین دہانی کروائی اور 2 لاکھ روپے کا چیک بھجوا دیا‘۔

اداکار نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’2 لاکھ کا چیک دیکھ کر مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوئی، اس ملک میں 2 لاکھ کی کیا قیمت ہے؟‘

اداکار راشد محمود نے کہا تھا کہ پاکستان کے جس گھر میں بھی ٹیلی وژن موجود ہے میں گزشتہ 4 دہائیوں سے اس گھر کا مکین ہوں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’پی ٹی وی میں نشر ہونے والے میرے ڈراموں کو کروڑوں لوگ دیکھتے تھے جس کے ذریعے آمدنی ہوئی، میں نے 2 لاکھ کا چیک سنبھال کر رکھا ہوا ہے جو میں انہیں واپس کردوں گا۔‘

راشد محمود نے کہا کہ میں عامر منیر کا مشکور ہوں جنہوں نے اپنے اختیار میں ہوتے ہوئے یہ رقم بھیجی، لیکن میں یہ رقم خرچ نہیں کروں گا، وہ جس وقت کہیں گے میں واپس کردوں گا۔

انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ پہلے کے مقابلے اب ان کی صحت بہتر ہے، ’اب میرے ہاتھ حرکت کرنے لگے ہیں، میری آواز معمول پر آ رہی ہے، میں اپنی آواز کے ذریعے ہی کما سکتا ہوں، ان شا اللہ میں معمول کی زندگی میں واپس آکر عملی کام شروع کروں گا۔‘

اداکار نے ایک بار پھر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کٹھن حالات کے باوجود مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، زندگی ہے تو کام کرنا پڑے گا۔

انہوں نے انتہائی دُکھ بھرے انداز میں کہا کہ ’جو لوگ اپنے لیجنڈز کو یاد نہیں رکھتے، ان قوموں کو بھی یاد نہیں رکھا جاتا۔‘

قبل ازیں اداکار نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

راشد محمود نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھا، اور اللہ مجھے جلد از جلد صحت یابی دے تاکہ میں اس ملک کے لیے مزید کام کر سکوں’۔

یہی نہیں بلکہ 14 ستمبر 2020 کو راشد محمود نے ’ڈان نیوز‘ سے بات چیت کے دوران انکشاف کیا تھا کہ پی ٹی وی لاہور کی سینٹر انتظامیہ نے انہیں محرم الحرام کے دوران مرثیہ پڑھنے پر محض 620 روپے کا چیک جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی وی پر لوگ 15 سے 25 لاکھ روپے تک ماہانہ وصول کر رہے ہیں حالانکہ ان کا شوبز سے کوئی تعلق ہے ہی نہیں۔

انہوں نے اعلان کیا تھا کہ میں احتجاجاً آئندہ پاکستان ٹیلی وژن پر کام نہیں کروں گا۔

بعد ازاں پی ٹی وی نے اداکار سے معافی مانگتے ہوئے اضافی پیسوں کا چیک دے دیا تھا۔

اداکار نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے اضافی 9600 روپے کی چیک کی تصویر بھی شیئر کی تھی، ساتھ ہی اداکار نے واضح کیا تھا کہ وہ نیا چیک ملنے کے باوجود پی ٹی وی کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

اداکار کے مطابق انہوں نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے دونوں چیک کیش نہیں کروائے اور انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دونوں چیکس کو ڈرائنگ روم میں سجا کر یادگار کے طور پر رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025