• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سوشل میڈیا کمپنیز پاکستان میں ورچوئل دفاتر کھولیں گی، رپورٹ

شائع June 26, 2023
—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

اطلاعات ہیں کہ حکومت پاکستان اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کے درمیان قوائد و ضوابط کے معاملات طے ہوجانے کے بعد تقریبا تمام سوشل میڈیا کمپنیز ملک میں ورچوئل دفاتر کھولنے کی پابند ہیں۔

حکومت پاکستان کچھ عرصے سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سوشل میڈیا سائٹس اور ایپلی کیشنز پر شیئر کیے جانے والے مواد کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوشاں ہے، اس ضمن میں حکومت کی خواہش رہی ہے کہ تمام کمپنیاں پاکستان میں بھی دفاتر کھولیں۔

تاہم زیادہ تر بڑی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز نے فوری طور پر پاکستان میں دفاتر کھولنے سے معذرت کرلی تھی، جس کے بعد اب حکومت اور سوشل سائٹس کے درمیان ورچوئل دفاتر کھولنے پر اتفاق کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

معروف انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ حکومت پاکستان اور سوشل میڈیا کمپنیز کے درمیان معاملات طے پاگئے، اب کمپنیز پاکستان میں ورچوئل دفاتر کھولیں گی۔

حکام کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیز کی جانب سے پاکستان میں کھولے جانے والے ورچوئل دفاتر 24 گھنٹے ہی حکومتی شکایات پر فوری عمل کروانے کے پابند ہوں گے۔

حکام نے بتایا کہ حکومت اور کمپنیز کے درمیان متنازع مواد کو ہٹوانے اور ایسے مواد کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے مواد کو تین مختلف اقسام ’ہرے، پیلے اور سرخ‘ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیز سرخ مواد کی کیٹیگری کو حکومتی شکایت پر فوری طور پر ہٹانے کی پابند ہوں گی جب کہ پیلی کیٹیگری کے مواد کو بھی کمپنیز 72 گھنٹوں میں ہٹانے کی پابند ہوں گی۔

اسی طرح کمپنیز ہری کیٹیگری کے مواد کو اگرچہ فوری طور پر نہیں ہٹائیں گی، تاہم مذکورہ کیٹیگری سے متعلق حکومتی شکایات کو ترجیح دے گی اور ایک مخصوص مدت کے بعد مواد کو ہٹایا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومت اور سوشل میڈیا کمپنیز کے درمیان پاکستان میں فوری طور پر ورچوئل دفاتر کھولنے کا اتفاق ہوا، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کب تک کمپنیز آن لائن دفاتر کھولیں گی۔

رپورٹ میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ کون سی سوشل میڈیا کمپنیز کس ملک سے پاکستانی دفاتر کی آن لائن خدمات فراہم کریں گی، تاہم بتایا گیا کہ سوشل میڈیا کمپنیز جلد ورچوئل دفاتر کھولیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024