• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

مغربی کنارے میں جھڑپیں جاری، ایک فلسطینی جاں بحق

شائع June 25, 2023
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

یروشلم کے مقبوضہ مغربی کنارے میں پرتشدد جھڑپیں جاری ہیں جہاں اسرائیلی فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی شہری کو قتل کردیا جبکہ اسرائیلی شہری فلسطینی رہائشیوں پر حملے کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یروشلم کے مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ واقعات نے کشیدہ حالات پیدا کردیے ہیں جہاں 4 اسرائیلی اور 16 فلسطینی قتل ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ یروشلم کے شمال میں قلندیا چوکی پر مشتبہ شخص نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جبکہ فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

ادھر فلسطینی عسکری گروپ الاقصیٰ شہدا برگیڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمارے بہادر جنگجو قلندیا چوکی پر قابض اسرائیلی فوجیوں کو براہ راست نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے‘۔

رپورٹ کے مطابق یہ کراسنگ مشرقی یروشلم اور رام اللہ کے درمیان فلسطینیوں کی طرف سے استعمال ہونے والے مرکزی گیٹ وے کے طور پر استعمال میں لائی جاتی ہے اور یہ فلسطینی اتھارٹی کی نشست ہے جس کا جزوی انتظامی کنٹرول مغربی کنارے میں ہے۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے سیکیورٹی چوکی کے بالکل شمال میں گولی مار کر ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اسحٰق العجلونی کے نام سے کی ہے جس کی عمر 17 یا 18 سال تھی۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمالی گاؤں ام صفا میں اسرائیلی شہریوں اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کی اطلاع دی۔

اسرائیلی فورسز نے اپنے بیان میں کہا کہ جھڑپوں کے دوران پتھر پھینکے گئے اور یہ بھی اطلاعات موصول ہوئیں کہ اسرائیلی شہریوں نے فلسطینی املاک کو آگ لگا دی ہے جہاں ایک فوجی زخمی ہوگیا ہے جبکہ ایک اسرائیلی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ ام صفا گاؤں کے قریب ایک ایمبولینس پر اسرائیلی آباد کاروں نے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے آبادکاروں کو مضبوط کرنے کا عہد کیا ہے اور 2014 سے اب تک امن مذاکرات کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

عرب-اسرائیلی قانون ساز احمد طبی نے مغربی کنارے کے گاؤں کا دورہ کیا اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کیا۔

قانون ساز نے کہا کہ فلسطینی عوام کو ان لوگوں کے سامنے اپنا دفاع کرنے کا حق ہے جو ان کا گھر اور اہل خانہ کو جلانے کے لیے آتے ہیں۔

ادھر یورپی یونین اور امریکا سمیت 20 مشنز کے سفارت کاروں نے مغربی کنارے کے گاؤں ترمس آیا کا دورہ کیا اور حملے کی مذمت کی۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024