شوٹنگ کے دوران محبت ہوجانے پر نمرہ شاہد اور ذاکر زیک نے شادی کی
آنے والی کامیڈی پولیٹیکل تھرلر فلم ’وی آئی پی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ذاکر زیک المعروف زیک اور اداکارہ نمرہ شاہد نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی شادی کرلی تھی۔
اداکارہ نمرہ شاہد ’وی آئی پی‘ فلم سے قبل متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں، تاہم وہ پہلی بار فلم میں دکھائی دیں گی۔
انہوں نے مارچ 2022 میں شادی کرنے کی تصدیق کی تھی، تاہم اس وقت انہوں نے شوہر سمیت دیگر معاملات کی تفصیلات جاری نہیں کی تھیں۔
حال ہی میں نمرہ شاہد اور ان کے شوہر اداکار ذاکر زیک فلم ’وی آئی پی‘ کے ہدایت کار رانا کامران اور اداکار سلیم معراج کے ہمراہ مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شادی کا اعتراف کیا۔
دونوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ہی انہیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی اور انہوں نے فلم میں کام کرتے وقت ہی شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔
نمرہ شاہد نے بتایا کہ انہیں شادی کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ اور کام رک جانے کا خوف تھا، اس وجہ سے انہوں نے اس وقت شادی سے متعلق کوئی زیادہ وضاحت نہیں کی تھی۔
ان کے شوہر نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار پاکستانی فلم میں کام کیا، اس لیے انہیں شروع میں مشکلات پیش آئیں، تاہم نمرہ شاہد سمیت دیگر افراد نے ان کی مدد کی۔
ذاکر زیک کے مطابق وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران شادی اور رومانس کی خبریں وائرل کرکے غلط پیغام نہیں دینا چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے خاموشی سے شادی کرلی۔
دونوں نے بتایا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں ہی شادی کرلی تھی اور اب ان کی چار ماہ کی ایک بیٹی بھی ہے۔
اداکار ذاکر زیک نے بتایا کہ پاکستانی فلموں سے کام کرنے سے قبل انہوں نے بولی وڈ اور ہولی وڈ فلموں میں متعدد کردار کیے ہیں جب کہ انہوں نے بھارتی شہر ممبئی سے فلم کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔
ان کے مطابق انہوں نے جس ادارے سے فلم کی تعلیم حاصل کی، وہاں سے جنوبی بھارت کے معروف اداکار الو ارجن اور بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے بھی تعلیم حاصل کی۔
ذاکر زیک اور نمرہ شاہد کی فلم ’وی آئی پی‘ کو عید الاضحٰی پر ریلیز کیا جائے گا، فلم کی کہانی بھی ذاکر زیک نے ہی لکھی ہے۔
ہدایت کار رانا کامران کی فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ مئی میں جاری کیا گیا تھا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں نہ صرف سیاست بلکہ کامیڈی اور رومانس بھی دیکھنے کو ملے گا۔
اگرچہ ٹریلر میں زیادہ مار دھاڑ نہیں دکھائی گئی، تاہم معلوم ہوتا ہے کہ سیاست پر بنائی گئی فلم میں لڑائی جھگڑے بھی ہوں گے اور شائقین کو ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔
جاری کیے گئے ٹریلر میں کراچی کو دکھایا گیا ہے اور فلم میں منجھے ہوئے سیاست دانوں کے ایک گروہ کو نیا چہرہ متعارف کراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح منجھے ہوئے سیاسی کھلاڑی نئے اور بھولے نوجوان کو سیاست کا حصہ بنا کر اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
فلم ’وی آئی پی‘ کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ فلم کی کہانی کراچی کے میئر کی سیاست کے گرد گھومتی ہے۔