• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شادی زندگی کا سب سے بڑا ’رسک‘ ہوتا ہے، آغا علی

شائع June 19, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکار و میزبان آغا علی کا کہنا ہے کہ شادی ہر انسان کا زندگی کا سب سے بڑا ’رسک‘ ہوتا ہے لیکن اس باوجود وہ اس حق میں ہیں کہ ہر انسان کو شادی کرنی چاہیے۔

آغا علی کچھ عرصہ قبل ایک ٹاک شو میں پیش ہوئے تھے، جہاں انہوں نے شادی سے پہلے اور بعد کی زندگی میں فرق سمیت اپنے شوبز کیریئر پر کھل کر بات کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ٹی وی اسکرین پر پہلی بار ایک رومانوی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے مذکورہ ڈرامے سے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

اسی دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ آنے والے دنوں میں دیگر ڈراموں میں روایتی طور پر منفی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

آغا علی کے مطابق انہیں زیادہ تر برے کرداروں کی پیش کش ہوتی ہے، تاہم وہ خود اچھے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں ان کی خواہش پوری ہوگی۔

شادی سے قبل اور بعد کی زندگی کے سوال پر آغا علی نے بتایا تھا کہ جب انہوں نے شادی نہیں کی تھی تب انہیں 90 فیصد شادی شدہ لوگ شادی نہ کرنے کا مشورہ دیتے تھے۔

ان کے مطابق شادی سے قبل وہ بڑی مزیدار زندگی گزار رہے تھے اور انہیں بھی یہی لگتا تھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق شادی ہر انسان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا ’رسک‘ ہوتا ہے، کیوں کہ شادی کے بعد انہیں ایک دوسرے اور مختلف انسان کے ساتھ زندگی گزارنی ہوتی ہے، اس لیے یہ فیصلہ بڑا ہوتا ہے۔

آغا علی نے بتایا کہ شادی سے قبل وہ اہلیہ حنا الطاف کو اتنا زیادہ نہیں جانتے تھے اور ان کے ساتھ تعلقات کچھ ماہ قبل ہی ہوئے تھے، لیکن شادی کے بعد ان کی زندگی بالکل تبدیل ہوگئی اور پہلے سے زیادہ مزیدار اور پرسکون ہوگئی۔

اداکار نے کہا کہ اگرچہ شادی ہر انسان کے لیے سب سے بڑا ’رسک‘ ہوتی ہے لیکن پھر بھی وہ ہر کسی کو یہ مشورہ دیں گے کہ ہر انسان کو لازمی شادی کرنی چاہیے۔

اداکار کے مطابق یہ صرف فرضی باتیں ہیں کہ جو شادی کا لڈو کھائے وہ بھی پچھتائے اور جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد کوئی نہیں پچھتاتا اور نہ ہی پچھتاوا ہوتا ہے، یہ صرف کہنے کی باتیں ہوتی ہیں۔

آغا علی نے اسی معاملے پر مزید کہا کہ دنیا میں کسی بھی رشتے کی 100 فیصد کوئی گارنٹی نہیں ہوتی، اگر کسی کی شادی اچھی نہیں چل رہی تو وہ خراب تعلقات کے بجائے رشتے کو ختم کرکے آگے بڑھیں، کیوں کہ زندگی میں اور بھی مواقع مل سکتے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی بہتر اور پرسکون ہوگئی ہے اور وہ ہر کسی کو شادی کا مشورہ دیں گے۔

خیال رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل وہ کچھ عرصے تک تعلقات میں رہے تھے۔

شادی کے ایک سال بعد 2021 میں ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں، تاہم جوڑے نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا اور بعد ازاں دونوں کو متعدد شوز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024