فلم میں رقص کرنے کیلئے ابھی والدین نے اجازت نہیں دی، علیزے شاہ
پاکستانی کی نوجوان اور خوبرو اداکارہ علیزے شاہ کہتی ہیں کہ فلموں میں کام کرنے اور رقص کرنے کے لیے وہ ابھی کم عمر ہیں، ابھی والدین کی طرف سے رقص کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
علیزے شاہ نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری میں اپنے قدم جما لیے تھے، وہ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیا جہاں علیزے نے بتایا کہ ’میں انٹرویو دینے سے گھبرا جاتی ہوں کیونکہ وہاں خود علیزے شاہ بن کر بات کرنی پڑتی ہے، اس لیے مجھے یہ کام تھوڑا مشکل لگتا ہے۔‘
علیزے شاہ نے 6 سال کی عمر میں سابق کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ پہلی بار اشتہار میں کام کیا تھا، وہ کہتی ہیں کہ ’میری خواہش ہے کہ میں وسیم اکرم کے ساتھ کسی فلم میں کام کروں۔‘
تاہم انٹرویو کے دوران جب اداکارہ سے وسیم اکرم کی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے بات کی گئی تو علیزے اس بارے میں لاعلم تھیں۔
علیزے نے کہا کہ وہ اداکاری کے علاوہ گلوکاری بھی کرنا چاہتی ہیں اور اگر وقت ملا تو وہ لکھنے کی جانب بھی ضرور آئیں گی۔
اداکارہ کہتی ہیں کہ انہیں رقص کرنے کا تو بہت شوق ہے لیکن کیمرے کے سامنے رقص نہیں کرسکتی، اس کے لیے مجھے اپنا اعتماد بڑھانا ہوگا۔
’ابھی 21 سال کی ہوں، فلم کرنے کے لیے پوری زندگی پڑی ہے‘
علیزے نے انکشاف کیا کہ وہ فلم ’سپر اسٹار‘ میں کام نہیں کرنا چاہتی تھیں کیونکہ فیملی کا بہت دباؤ تھا اور اس وقت وہ صرف 16 یا 17 برس کی تھیں، لیکن مومنہ درید کے سمجھانے پر وہ راضی ہوگئی تھیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’یہ پہلی فلم تھی جو میں نے بہت مشکل سے کی تھی، مجھے نہیں لگتا کہ اگلے 5 یا 6 سال تک میں کوئی اور فلم کرسکتی ہوں۔
علیزے نے کہا کہ میں رواں ماہ 21 برس کی ہوئی ہوں، فلم کرنے کے لیے ابھی پوری زندگی پڑی ہے۔
کسی فلم یا ڈرامے میں رقص نہ کرنے کے سوال پر علیزے نے جواب دیا کہ ’ابھی انہیں والدین کی جانب سے اس کی اجازت نہیں ہے۔‘
اداکارہ کہتی ہیں کہ مستقبل میں جب موقع ملا تو وسیم اکرم کے علاوہ فواد خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔
تاہم جب میزبان نے فواد خان کی فلم مولا جٹ کے حوالے سے پوچھا تو اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے ابھی تک مولا جٹ نہیں دیکھی‘۔
اس کے علاوہ علیزے شاہ نے ڈراما ’عہدہ وفا‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ جب یہ ڈراما شوٹ ہورہا تھا تو اس وقت میں بہت چھوٹی تھی، اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنا بڑا پروجیکٹ ہے، یہ میری زندگی کے بہترین پروجیکٹ میں سے ایک تھا’۔
علیزے کہتی ہیں کہ ’فوج میں اس لیے نہیں گئی کیونکہ اس کے لیے اداکاری چھوڑنی پڑتی، وردی پہن پر بہت مزہ آیا، بہت اعزاز کی بات تھی، ہر کسی کو وردی پہننے کا موقع نہیں ملتا اور میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے کم عمر میں یہ اعزاز حاصل ہوا۔‘
سوشل میڈیا پر تنقید کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیزے کہتی ہیں کہ ’جہاں 4 لوگ تعریف کرتے ہیں وہاں 10 لوگ برائی کرتے ہیں، اس لیے نظرانداز کرنا بہترین حل ہے، ہمیں مثبت چیزوں پر توجہ دینی چاہیے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ منفی باتوں میں توجہ دے کر آپ کنفیوز رہتے ہیں اور اعتماد کھو دیتے ہیں۔
علیزے شاہ کہتی ہیں کہ ’پاکستان کی پوری قوم آج کل دباؤ کا شکار ہے، شاید اس وجہ سے بھی وہ اداکاراؤں کو وہ احترام نہیں دے رہی، جو ان کا حق ہے۔‘