• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سابق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی معطل، پرویز الہٰی کے گھر سے اسمبلی کا عملہ بلالیا گیا

شائع June 18, 2023
سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے محمد خان بھٹی کی معطلی کا حکم اسپیکر کی ہدایت پر جاری کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے محمد خان بھٹی کی معطلی کا حکم اسپیکر کی ہدایت پر جاری کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب اسمبلی نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی درخواست پر سابق سیکریٹری محمد خان بھٹی کو آئندہ احکامات تک کے لیے معطل کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے معطلی کا حکم اسپیکر کی ہدایت پر جاری کیا جن کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

محمد خان بھٹی مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر اپنے دور کے دوران بدعنوانی میں ملوث ہیں اور اس وقت اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی حراست میں ہیں۔

دریں اثنا پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز بابر اور محمد خان بھٹی کی جگہ عہدہ سنبھالنے والے عنایت اللہ لک کی خدمات ختم کر دی گئی ہیں۔

رائے ممتاز بابر کو پنجاب اسمبلی کے سابق اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے ڈی جی تعینات کیا تھا اور ممتاز بابر اور عنایت اللہ لک دونوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد کانٹریکٹ پر رکھا گیا تھا۔

دریں اثنا سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ سے پنجاب اسمبلی کے عملے کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ عملے کے تقریباً 60 ارکان کو واپس بلایا گیا ہے جن میں سیکیورٹی اہلکار، ڈرائیور اور باورچی شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پولیس نے پرویز الہٰی کو یکم جون کو ان کی ظہور الہٰی روڈ کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔

اے سی ای نے پرویز الہٰی کے خلاف سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے ساتھ ساتھ سرکاری معاملات میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024