• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’بائپر جوائے‘: غیرمحفوظ انداز میں رپورٹنگ کرنے پر پاکستانی خاتون صحافی کو تنقید کا سامنا

شائع June 17, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ یوں تو اب بھارتی ریاست گجرات کے قریب ٹکرانے کے بعد کمزور ہوکر شدید ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے۔

تاہم ’بائپر جوائے‘ کے حوالے سے غیر محفوظ اور مضحکہ خیز انداز میں رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں اور یوٹیوبرز کو تاحال تنقید کا سامنا ہے۔

’بائپر جوائے‘ پر پاکستانی خاتون رپورٹر زم زم سعید بھی رپورٹنگ کرتی دکھائی دیں، جس پر ان کی صلاحیتوں کی تعریف بھی کی گئی، تاہم ساتھ ہی ان کی جانب سے وائرل ہونے کے چکر میں غیر محفوظ انداز میں کی جانے والی رپورٹنگ پر انہیں تنقید کا بھی سامنا ہے۔

ماڈل و میزبان متھیرا نے خاتون رپورٹر کی ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے ان کی جانب سے غیر محفوظ انداز میں رپورٹنگ کرنے کو وائرل اور لائیکس حاصل کرنے کا بہانہ قرار دیا۔

متھیرا نے زم زم سعید کی کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ صحافی عوام کو طوفان سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ خود محض چند لائکس اور کلکس کے چکر میں اپنی زندگی خطرات مین ڈالتے ہیں۔

خاتون رپورٹر کی غیر محفوظ انداز میں کی گئی رپورٹنگ کی کلپ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کی گئی، جہاں لوگوں نے ان پر تنقید کرتے ہوئے ان کے عمل کو وائرل اور مشہور ہونے کا بہانہ قرار دیا۔

خاتون رپورٹر کی وائرل ہونے والی کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سمندر کنارے موجود ہیں، جہاں سمندری کی تیز لہر ان کے اوپر آکر گرتی ہے اور وہ پانی میں شرابور ہوجاتی ہیں۔

خاتون رپورٹر نے مذکورہ کلپ اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی اور بتایا کہ مذکورہ واقعہ ’بائپر جوائے‘ کی رپورٹنگ کے دوران پیش آیا۔

ان کی جانب سے انسٹاگرام پر سمندری طوفان کی رپورٹنگ کی دوسری کلپس بھی شیئر کی گئیں، جن میں انہیں حفاظتی انتظامات کے بغیر سمندر کنارے پر رپورٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کے لیے بھی پاکستان سے طوفان کی صورت حال پر رپورٹنگ کی، جس دوران انہوں نے پانی میں جاکر دکھایا کہ سمندر میں پانی کی سطح کتنی ہے۔

’بائپر جوائے‘ کی رپورٹنگ دوران مذکورہ خاتون رپورٹر طوفان کے خطرات کے دوران سمندر کنارے تفریح کے لیے آنے والے شہریوں پر بھی تنقید کرتی دکھائی دیں، تاہم دوسری طرف خود ہی سمندر کنارے غیر محفوظ انداز میں رپورٹنگ کرتی دکھائی دیں۔

پاکستانی خاتون رپورٹر سے قبل ایک بھارتی اینکر کی ’بائپر جوائے‘ پر رپورٹنگ کی دلچسپ ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں خاتون کو بظاہر اسٹوڈیو میں طوفان سے متعلق معلومات دیتے دکھایا گیا لیکن اس کے بیک گراؤنڈ پر خطرناک طوفان کی ویڈیوز چلائی گئیں جب کہ اسٹوڈیو میں انہیں چھتری کے ساتھ تیز ہوأؤں میں لہراتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

بھارتی خاتون سے قبل ایک پاکستانی یوٹیوبر کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ طوفان کے پیش نظر پانی میں کود کر سمندر کی سطح بتاتے دکھائی دیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024