• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صندل خٹک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

شائع June 13, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

صندل خٹک کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ قبل از گرفتاری کی ضمانت کروانے کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔

جج اعظم خان نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ صندل خٹک کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

آج صندل خٹک کا جوڈیشل ریمانڈ لینے کے لیے ایف آئی اے نے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ان کے خلاف ایف آئی اے کی جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست قبول کی، جس کے بعد ٹک ٹاکر کو اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔

ایف آئی اے نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ صندل خٹک کی ساتھی ٹک ٹاکر عائشہ ناز کو بھی حراست میں لینا ہے اور ویڈیوز لیک کرنے کے معاملے پر صندل خٹک سے مزید تفتیش کرنی ہے۔

عدالت نے صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا، بعد ازاں ٹک ٹاکر کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر صندل خٹک کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

صندل خٹک کے خلاف حریم شاہ نے گزشتہ ماہ مئی میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں ’پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ‘ کے تحت درخواست دائر کی تھی۔

حریم شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ صندل خٹک اور عائشہ ناز نے ان کی ذاتی ویڈیوز چرانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرکے انہیں بدنام کیا۔

حریم شاہ کی جانب سے ایف آئی اے میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد ایک ہفتہ قبل صندل خٹک نے بھی پشاور کی ایک عدالت سے حریم شاہ کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے رجوع کیا تھا، مگر عدالت نے صندل خٹک کی درخواست مسترد کردی تھی۔

پشاور کی عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد صندل خٹک نے ایف آئی اے کی گرفتاری سے بچنے کے لیے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت میں قبل از وقت ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

ضمانت درخواست مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے صندل خٹک کو گرفتار کرلیا تھا اور اب انہیں مزید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ کی متعدد ویڈیوز رواں برس 27 فروری کے بعد انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں انہیں بیڈ روم اور واش روم میں قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا تھا۔

ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد یکم مارچ 2023 کو حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ذاتی ویڈیوز کو ان کی دوستوں ٹک ٹاکرز صندل خٹک اور عائشہ ناز نے وائرل کیا۔

بعد ازاں صندل خٹک نے حریم شاہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ٹک ٹاکر نے اپنی ویڈیوز شہرت کے لیے خود وائرل کیں، تاہم حریم شاہ نے ان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دے دی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں دونوں ٹک ٹاکرز انتہائی قریبی دوست رہی ہیں اور ان پر متعدد شخصیات کے ساتھ ویڈیوز بناکر انہیں بدنام کرنے جیسے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024