• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

طاہر شاہ کا ہولی ووڈ فلم میں اداکاری کا اعلان، شائقین حیران

شائع June 11, 2023
طاہر شاہ نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ ہولی ووڈ میں اپنا ڈیبیو دے رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
طاہر شاہ نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ ہولی ووڈ میں اپنا ڈیبیو دے رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اپنے منفرد اور دلکش انداز کی وجہ سے مشہور پاکستانی گلوکار طاہر شاہ نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی ہولی ووڈ فلم جلد ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل طاہر شاہ نے کہا تھا کہ وہ 10 جون کو اپنے پروجیکٹ کے حوالے سے اہم اعلان کرنے والے ہیں۔

ان کے اس اعلان کے بعد شائقین نے سمجھ لیا تھا کہ وہ ایک اور نیا گانا ریلیز کرنے والے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر گلوکار نے ہولی ووڈ میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

42 سالہ گلوکار طاہر شاہ نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ ہولی ووڈ میں اپنا ڈیبیو دے رہے ہیں، ان کی فلم کا نام آئی ٹو آئی ہے، واضح رہے کہ طاہر شاہ کا آئی ٹو آئی گانا 10 سال قبل 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔

طاہر شاہ کا کہنا ہے کہ یہ ہولی ووڈ فلم محبت کی دلفریب کہانی پر مبنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم آئی ٹو آئی کے ساتھ میں اپنے نئے دور کی شروعات کررہا ہوں، یہ پروجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے اور میں اسے دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ شئیر کرنے کا انتظار نہیں کرسکتا، فلم کی کہانی میرے دل کے بہت قریب ہےاور مجھے یقین ہے کہ فلم کی کہانی عالمی سطح پر لوگوں کو دلوں کو متاثر کرے گی۔‘

فلم کے اسکرپٹ رائٹر، ڈائلاگ رائٹر، ہدایت کار اور مرکزی کردار سمیت فلم کی پروڈکشن طاہر شاہ ہی کررہے ہیں، ٹوئٹر پر جاری کیے اپنے بیان میں وہ کہتے ہیں کہ ’آئی ٹو آئی کے ذریعے میرا مقصد ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور اصلیت کو ظاہر کرنا ہے، یہ ایک ایسا پروجیکٹ ہے جو میرے فنی سفر میں ایک نئے دور کی نمائندگی کرے گا‘۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ تین مراحل میں مکمل ہوگی، امریکا، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات میں فلم کی شوٹنگ کی جائے گی۔

آئی ٹو آئی لمیٹڈ کے ذریعہ تیار کردہ اس فلم میں کینیڈین، امریکی اور بین الاقوامی فنکار بھی کردار ادا کریں گے۔ طاہر شاہ نے لکھا کہ ’میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت فنکاروں کے ساتھ مل کر ایک ایک حقیقی تجربہ کرنا چاہتا ہوں، یہ ایک بہترین موقع ہے کہ انڈسٹری میں نئے چہروں کو متعارف کرائیں۔

پروجیکٹ پر کام کرنے کے دوران درپیش چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے طاہر شاہ نے کہا کہ ’کسی بھی کامیاب پروجیکٹ کی طرح فلم ’ آئی ٹو آئی‘ کو وقت درکار ہے، میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا تھا کہ فلم کا ہر پہلو کمال ہو، حقیقی اور کامیاب فن میں وقت لگتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ پروجیکٹ کامیاب رہے گا’۔

طاہر شاہ نے کہا کہ ’2013 میں ریلیز کیا گیا گانا آئی ٹو آئی کی کامیابی تاریخی تھی، اب میں اپنے فن، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ سنیما میں اپنی فلم پیش کروں گا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آئی ٹو آئی نہ صرف تفریح کا سبب بنے گی بلکہ دیکھنے والوں کو بھی متاثر کرے گی، اپنی اداکاری کے ساتھ میں اسے ایک نئی بلندیوں تک لےجانا چاہتا ہوں۔‘

طاہر شاہ کی جانب سے ہولی ووڈ فلم کے اعلان نے شائقین کو بھی حیرت میں مبتلا کردیا اور فلم کی ریلیز کے لیے پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ طاہر شاہ کے گانوں میں منفرد دھن، آواز اور میوزک ویڈیو انہیں دوسروں سے الگ بناتی ہے جس کی وجہ سے لوگ ان کے گانے کا ’مزاح‘ لیتے ہیں، بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور ورن دھون نے بھی ان کے گانوں کی نقل میں ویڈیوز جاری کی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025