• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خیبر پختونخوا: مختلف علاقوں میں آندھی، طوفانی بارش، حادثات میں 25 افراد جاں بحق، 145 زخمی

شائع June 10, 2023
ریسکیو 1122 نے کہا کہ اس کی جانب سے کرک میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں—فوٹو:زاہد امداد
ریسکیو 1122 نے کہا کہ اس کی جانب سے کرک میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں—فوٹو:زاہد امداد
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے—فوٹو:زاہد امداد
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے—فوٹو:زاہد امداد

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفانی بارش کے دوران پیش آئے مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق جب کہ 145 زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ تیز اندھی اور طوفانی بارشوں سے ابتک لکی مروت،کرک اور بنوں میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 145 افراد زخمی ہوئے اور 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا کہ آندھی اور طوفان کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں جب کہ ریسکیو 1122 کی جانب کرک، بنوں اور لکی مروت میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ریلیف ریسکیو1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری ریلیف نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کا بھی کہا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ ضلع بنوں کے متاثرین کےلیے چار کروڑ روپے جاری کردیے ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری خیبر پختونخوا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ محکمہ کے سیکریٹری نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ لوگوں کو حکومتی پالیسیوں کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ادھر نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفانی بارش ہوئی اور مختلف اضلاع سے شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ متاثرہ اضلاع بنوں، لکی مروت اور کرک کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور آندھی اور طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

موسم کی صورتحال

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی کے بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے لیکن شام اور رات کے وقت صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں آندھی/مٹی کے طوفان اور کچھ علاوں میں وفقے وفقے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

اس میں مزید کہا گیا کہ چترال، لوئر، اپر دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان کے اضلاع میں چند مقامات پر شام اور رات کے اوقات میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرم، ہنگو، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان، ٹانک، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، چارسدہ، پشاور، خیبر اور نوشہرہ کے اضلاع میں آندھی اور مٹی کے طوفان سے عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں تمام متعلقہ حکام کو اس دوران چوکس رہنے کی ایڈوائزری جاری کی۔

**#### وزیراعظم کا قیمتی جانوں کے نقصان پراظہار افسوس، امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں سے ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سے کوآرڈینیشن کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں عوام کی بھرپور مدد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقامی انتظامیہ کو بھی متحرک کیا جائے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی قیادت اور کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں اداروں کا ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے امدادی سرگرمیوں اور ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ چوبیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کراچی کی طرف بڑھتے سمندری طوفان بائپر جوائے سائیکلون کے پیش نظر بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ این ڈی ایم اے سندھ حکومت اور صوبائی اداروں کے اشتراک عمل سے پیشگی تیاریاں کرے.

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ بلوچستان میں بھی طوفان اور بارشوں کی صورتحال میں متاثرہ علاقوں اور عوام کی بھرپور مدد کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پورے ملک میں امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، انتظامیہ اور ادارے عوام کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024