• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’پلے بوائے‘ نہیں رہا، ایک وقت میں ایک خاتون سے تعلقات رہے، جاوید شیخ

شائع June 5, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار جاوید شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی ’پلے بوائے‘ نہیں رہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے ایک ہی وقت میں ایک خاتون سے تعلقات رہے ہیں۔

جاوید شیخ نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی کے متعدد معاملات سمیت شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری پر بھی بات کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے بیٹے اداکار شہزاد شیخ اور بیٹی مومل شیخ کے لیے کسی کو کوئی سفارش نہیں کی، ان کے بچوں نے خود اپنا مقام بنایا۔

اداکار کے مطابق انہوں نے بیٹے اور بیٹی کو مشورہ دیا تھا کہ ان کے کہنے پر دونوں کو ایک پروجیکٹ تو مل جائے گا لیکن دوسرا پروجیکٹ اس وقت ہی ملے گا جب ان میں قابلیت ہوگی، اس لیے وہ خود کو قابل بناکر اپنا مقام خود بنائیں۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بچوں نے اپنی محنت کے بلبوتے پر شوبز میں مقام بنایا۔

ایک سوال کے جواب میں جاوید شیخ نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی مومل شیخ کو بھارتی فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں ان کے کہنے پر کاسٹ نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فلم میں انہیں پہلے ہی کاسٹ کرلیا گیا تھا جب کہ مومل شیخ کی جگہ ایک اور لڑکی کو کاسٹ کیا جا چکا تھا لیکن عین وقت پر اس لڑکی نے کام کرنے سے انکار کیا تو فلم کی ٹیم نے انٹرنیٹ پر ان کی بیٹی کی تصاویر دیکھ کر انہیں کاسٹ کیا۔

جاوید شیخ کے مطابق انہیں بھی فلم کی ٹیم نے کوئی لڑکی تلاش کرنے کا کہا تھا اور انہوں نے دو دیگر لڑکیوں سے بات کر رکھی تھی مگر دوسرے دن فلم کی ٹیم نے ان سے ان کی بیٹی مومل شیخ کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے ان کی تصاویر انٹرنیٹ پر دیکھیں۔

سینیئر اداکار نے دعویٰ کیاکہ انہوں نے بیٹی کو کاسٹ کرنے کے لیے کوئی سفارش نہیں کی تھی۔

اپنی فٹنیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کبھی خوبصورتی بڑھانے والے انجکشن نہیں لگوائے اور نہ ہی وہ دوسرے قسم کا کوئی میک اپ کرواتے ہیں۔

ان کے مطابق وہ حقیقت اور قدرت پر یقین رکھتے ہیں، اس لیے فٹ رہنے کے لیے وہ ورزش کرنے سمیت صحت مند غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں جب کہ وہ فاسٹ اور جنگ فوڈ سے دور رہتے ہیں۔

پوڈکاسٹ میں جب جاوید شیخ سے پوچھا گیا کہ لوگ جب ان سے ’پلے بوائے‘ سے متعلق سوالات پوچھتے ہیں تو انہیں غصہ نہیں آتا؟

اس پر جاوید شیخ نے واضح کیا کہ وہ کبھی ’پلے بوائے‘ نہیں رہے، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ پلے بوائے وہ ہوتا ہے جو ایک کو چھوڑ کر دوسری کے ساتھ لگ جائے اور پھر اسے بھی چھوڑ کر تیسری کو دیکھنے لگے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کبھی ایسی طبیعت کے مالک نہیں رہے، البتہ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے ایک ہی وقت میں ایک ہی خاتون سے تعلقات رہے ہیں۔

انہوں نے تعلقات پر بات کرتے ہوئے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کی نظر میں سب سے بہترین خاتون اداکارہ نیلی تھیں، جن کے ساتھ ان کا اچھا وقت گزرا اور ان کے ساتھ گزارے گئے لمحات انہیں یاد ہیں۔

انہوں نے ماضی کی مقبول اداکارہ نیلی کو اچھی شخصیت کی مالک خاتون قرار دیتے ہوئے ان کی لمبی زندگی اور صحت یابی کی دعائیں بھی کیں۔

جاوید شیخ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے تعلقات سے متعلق سچائی کبھی کسی سے خفیہ نہیں رکھی، کیوں کہ وہ غلط نہیں تھے، انہوں نے کسی کے ساتھ کوئی دھوکا نہیں کیا تھا۔

ان کے مطابق خواتین سے معاشقے کی باتیں وہ لوگ چھپاتے ہیں جنہوں نے دھوکے کیے ہوتے ہیں جب کہ انہوں نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان کو متعدد بار محبت ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل بھی جاوید شیخ جوانی میں کیے گئے اپنے معاشقوں پر کھل کر بات کرتے آئے ہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی ایک انٹرویو میں اداکارہ نیلی کی شخصیت کی تعریفیں کی تھیں۔

جاوید شیخ ماضی میں بھی انٹرویوز میں بتا چکے ہیں کہ ان کے تعلقات اداکارہ نیلی کے علاوہ دیگر اداکاراؤں سے بھی رہے۔

انہوں نے نیلی سے قبل اداکارہ سلمیٰ آغا سے تعلقات استوار کیے تھے، جن سے بعد ازاں انہوں نے شادی کرلی تھی۔

سلمیٰ آغا سے قبل انہوں نے زینت منگی سے شادی کی تھی، جن سے ان کے بیٹے شہزاد اور بیٹی مومل شیخ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024