مرغی کے گوشت کو کتنے دنوں تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے؟
پکا ہوا یا کچا مرغی کا گوشت چند دنوں سے لے کر ایک سال تک محفوظ کیا جاسکتا ہے، تاہم اس کے ذخیرہ کرنے کا وقت اس بات پر منحصر ہے کہ کیا آپ اسے فریز کررہے ہیں یا صرف فریج میں رکھ رہے ہیں۔
مرغی کا گوشت کئی گھرانوں میں اہم غذا سمجھی جاتی ہے اور اسے لوگ شوق سے بھی کھانا پسند کرتے ہیں۔
تاہم لذت اور پروٹین سے بھرپور اس مرغی کے گوشت میں بیکٹریا کے حملہ کرنےکا زیادہ خطرہ ہوتا ہے، اس لیے اسے صحیح طریقے سے پکانا اور محفوظ کرنا ضروری ہے۔
چکن کو اپنے فریج میں رکھنا آسان ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اسے کتنے دنوں تک فریج میں محفوظ کیا جاسکتا ہے؟
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے محکمہ زراعت کے مطابق مرغی کا کچا گوشت فریج میں تقریباً ایک سے دو روز تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ مرغی کا پکا ہوا گوشت تقریباً 3 سے چار روز تک فریج میں رکھا جاسکتا ہے۔
فریج میں مرغی کےگوشت کو ذخیرہ کرنے سے بیکٹیریا کی افزائش کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، کیونکہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت میں بیکٹیریا کی افزائش سست ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ کچے گوشت کو لنچ باکس جیسے کسی ڈبے میں محفوظ رکھیں تاکہ اس کا پانی فریزر میں لیک نہ ہو اور فریزر میں رکھی دیگر اشیا بیکٹریا سے محفوظ رہ سکیں جبکہ پکا ہوا گوشت کسی ایسے ڈبے میں محفوظ رکھیں جس کے اندر ہوا کا گزرنا مشکل ہو۔
اگر مرغی کے گوشت کو 3 روز سے زائد دنوں تک محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے فریز کرلیں۔
اگر مرغی کے گوشت کو فریز کرنا چاہتے ہیں تو کچا گوشت 9 ماہ تک فریز ہوسکتا ہے جبکہ پکا ہوا گوشت 2 سے 6 ماہ تک فریز ہوسکتا ہے۔
کیسے بتائیں کہ مرغی کا گوشت خراب ہو گیا ہے؟
اگر آپ نے مرغی کے گوشت کو دو یا تین دنوں تک فریج میں رکھا ہے، تو اس کے خراب ہونے کا امکان ہوسکتے ہیں۔
رنگ میں تبدیلی: کچا اور پکا ہوا مرغی کا گوشت کا رنگ اگر سرمئی سبز ہونا شروع ہو جائے تو یہ خراب ہو گیا ہے، یہ رنگ بیکٹیریا کی نشوونما کی نشاندہی کرتے ہیں۔
مرغی کے گوشت سے بُو آنا: کچا اور پکا ہوئی مرغی کا گوشت دونوں تیزابی بو خارج کرتا ہے جو امونیا سے مشابہت رکھتا ہے، تاہم، اس کی بُو محسوس کرنا مشکل ہو سکتا ہے اگر مرغی کے گوشت کو چٹنی، جڑی بوٹیوں یا مسالوں سے میرینیٹ کیا گیا ہو۔
بناوٹ: مرغی کے گوشت کو ہاتھ لگانے سے اس کی سطح اگر پتلی ہو جائے تو یہ خراب ہوگیا ہے، گوشت کو دھونے سے بیکٹیریا ختم نہیں ہوں گے بلکہ ایسا کرنے سے بیکٹریا دیگر کھانوں، برتنوں تک پھیل سکتے ہے۔
اگر آپ کو شک ہے کہ آپ کے فریج میں موجود مرغی کا گوشت خراب ہو گیا ہے تو اسے ضائع کر دیں۔
خراب مرغی کا گوشت کھانے سے کیا ہوگا؟
خراب مرغی کا گوشت کھانے سے فوڈ پوائزننگ ہوسکتی ہے۔
مرغی کے گوشت کو فوڈ پوائزننگ کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے، کیونکہ یہ بیکٹیریا جیسے کیمپائلوبیکٹر، سالمونیلا سے آلودہ ہو سکتا ہے۔
عام طور پر جب آپ تازہ مرغی کے گوشت کو اچھی طرح پکاتے ہیں تو بیکٹیریا ختم ہو جاتے ہیں۔
تاہم خراب مرغی کے گوشت کو پکانے اور کھانے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے، اگرچہ چکن کو دوبارہ گرم کرنا یا پکانا بیکٹیریا کو ختم کر سکتا ہے لیکن یہ بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والے کچھ زہریلے مادوں کو ختم نہیں کرے گا جسے کھا کر آپ فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوسکتے ہیں۔
فوڈ پوائزننگ بعض اوقات خطرناک علامات کا سبب بن سکتی ہے جن میں تیز بخار، سردی لگنا، متلی، اور پانی کی کمی شامل ہے۔
بعض صورتوں میں شدید فوڈ پوائزننگ سے اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے اور یہاں تک کہ موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
اگر آپ کو شک ہے کہ مرغی کا گوشت خراب ہوگیا ہے تو اسے مت کھائیں، اس گوشت کو ضائع کرنا ہمیشہ بہتر ہے۔