• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پیسے ڈبل کرکے دینے پر بروکر سے محبت ہوگئی تو ان سے شادی کرلی، نادیہ حسین

شائع May 30, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

میک اپ آرٹسٹ، ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے عروج پر سرمایہ کاری کے دوران پیسے ڈبل کرکے دینے پر ان کی بروکر سے محبت ہوگئی تھی، جس سے بعد ازاں انہوں نے شادی کرلی۔

نادیہ حسین نے کیریئر کے عروج پر 2003 میں عاطف خان سے شادی کرلی تھی، جن سے انہیں اولاد بھی ہے اور وہ تاحال کامیاب ازدواجی زندگی گزارتی آ رہی ہیں۔

نادیہ حسین اگرچہ انٹرویوز میں خواتین کے حقوق، گھریلو تشدد، انہیں طلاق دیے جانے کے اختیارات سمیت خواتین کے دیگر مسائل پر کھل کر بات کرتی آئی ہیں، تاہم وہ اپنی شادی شدہ زندگی پر بہت کم بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ماضی میں خواتین کی خود مختاری پر بات کرتے ہوئے ایک شو میں نادیہ حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اپنے شوہر کا کوئی کام نہیں کرتیں۔

اور اب انہوں نے کیریئر کے عروج پر شادی کرنے، شوہر سے محبت ہوجانے سمیت ماڈلنگ کیریئر پر بھی کھل کر باتیں کی ہیں۔

نادیہ حسین حال ہی میں ایاز سموں کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے بتایا کہ معروف گلوکارہ ٹینا ثانی ان کی خالہ ہیں جو انہیں بچپن میں ٹی وی پروگرامات میں لے کر جاتی تھیں، جس وجہ سے انہیں کیریئر بنانے میں آسانی ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ایک دوست ایک فیشن شو میں انٹرن شپ پر کام کرتی تھیں، جنہوں نے انہیں ماڈلنگ کی پیش کش کی اور یوں وہ دیکھتے ہی دیکھتے ماڈل بن گئیں۔

نادیہ حسین نے دعویٰ کیا کہ انہیں 20 سال کی عمر میں پہلی ماڈلنگ کمپین کے اس وقت 25 ہزار روپے دیے گئے جو کہ اس زمانے میں بہت زیادہ رقم تھی۔

ماڈل کے مطابق اب 23 سال گزر جانے کے بعد بھی پہلی کمائی 25 ہزار روپے ہونا بڑی بات ہوتی ہے لیکن انہیں کئی سال قبل پہلی کمائی اتنی مل چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جس وقت وہ ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، اس وقت پرانی ماڈلز یا تو شادیاں کر رہی تھیں یا پھر وہ کام کرکے تھک چکی تھیں، جس وجہ سے وہ اس وقت سب فیشن ڈیزائنر کی پسند گئیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے مصروف ماڈل بن گئیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ممکنہ طور پر ان کی خوبصورتی اور دراز قد ہونے کی وجہ سے بھی انہیں چانسز ملے جب کہ انڈسٹری میں ان کے خود بخود تعلقات بنتے گئے، جس وجہ سے انہیں کوئی پریشانی نہیں دیکھنی پڑی۔

پروگرام کے دوران نادیہ حسین نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے عروج پر انہیں بھارت میں فلموں سمیت ماڈلنگ کے کام کی پیش کش ملی تھیں مگر انہوں نے انکار کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ ایک فیشن شو میں شرکت کے لیے بھارت گئیں تو انہیں متعدد برانڈز اور افراد نے کام کی پیش کش کی لیکن اس وقت تک ان کی منگنی ہوچکی تھی اور وہ شادی کرنے والی تھیں، جس وجہ سے انہوں نے بھارت میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

نادیہ حسین نے واضح کیا کہ انہیں اس وقت اپنے منگیتر نے بھارت جانے سے نہیں روکا تھا لیکن انہیں پہلے سے ہی احساس تھا کہ وہ شادی کرنے جا رہی ہیں اور شادی کے فوری بعد بھارت میں جاکر کام کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے بتایا کہ کیریئر کے عروج پر جب انہوں نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا شروع کی تو انہیں اپنے بروکر کے ساتھ محبت ہوگئی اور ان سے شادی کرلی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر ان کے بروکر تھے، جنہوں نے انہیں متاثر کرنے کے لیے انہیں پیش کش کی تھی کہ اگر انہوں نے ماڈل کو پیسے ڈبل کرکے دیے تو وہ انہیں ڈنر کروائیں گی۔

نادیہ حسین نے مسکراتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے شوہر نے اپنے پیسے ملاکر انہیں ڈبل پیسے کرکے دیے ہوں گے تاکہ میں ان سے متاثر ہو سکوں۔

ماڈل کے مطابق تاہم آج تک ان کے شوہر نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ واقعی ان کے پیسے سرمایہ کاری سے ڈبل ہوئے تھے یا انہوں نے خود اپنے پیسے ملاکر انہیں ڈبل کرکے دیے تھے۔

نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ لیکن ان کا اپنا خیال ہے کہ شوہر نے انہیں اپنے پیسے ملاکر انہیں ڈبل پیسے کرکے دیے ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024