• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

’میرے ہمسفر‘ اور ’کیسی تیری خود غرضی‘ عربی میں ریلیز

شائع May 29, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی جانب سے عرب ممالک کے شائقین کے لیے اپنے مقبول ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے ریلیز کرنے کے آغاز میں دو مقبول ڈراموں کو ریلیز کردیا گیا۔

ٹی وی چینل کی جانب سے ابتدائی طور پر 2021 اور 2022 کے مقبول ڈراموں ’کیسی تیری خودغرضی‘ اور ’میرے ہمسفر‘ کو عربی زبان میں ترجمہ کرکے یوٹیوب پر پیش کردیا گیا۔

دونوں ڈراموں کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی کافی سراہا گیا تھا اور ان کی تمام قسطوں کو یوٹیوب پر بھی لاکھوں بار دیکھا گیا تھا۔

دونوں ڈراموں کو پاکستان اور بھارت سمیت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اے آر وائی نے انہیں عربی زبان میں ترجمہ کرکے ریلیز کردیا گیا۔

چینل کی جانب سے عرب ممالک کے شائقین کے لیے رواں ماہ مئی کے وسط میں عربی یوٹیوب چینل کا آغاز کیا گیا تھا، جہاں ٹی وی چینل اپنے ڈراموں سمیت فلموں کو بھی ترجمہ کرکے پیش کرے گا۔

اے آر وائی عربی کے یوٹیوب چینل پر اب تک ’میرے ہمسفر‘ کی چالیس قسطیں ریلیز کی جا چکی ہیں، ڈرامے کی پہلی قسط کو 23 مئی کو ریلیز کیا گیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے چینل نے چند ہی دن میں اس کی 40 قسطیں یوٹیوب پر جاری کردیں۔

’میرے ہمسفر‘ کو عربی زبان میں ’رفیق دربی‘ کے نام سے ترجمہ کرکے پیش کیا گیا ہے، ڈرامے کے گانوں کو ڈب نہیں کیا گیا۔

’میرے ہمسفر‘ کی کہانی ہالا نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے ددیال کے گھر میں پرورش پانے کے دوران بدسلوکی کا نشانہ بنتی ہیں، تاہم بعد ازاں ہوتی ہے اس لڑکی سے اپنے کزن شادی کرلیتے ہیں جو انہیں وہ عزت دیتے ہیں جس کی وہ خواہشمند ہوتی ہیں۔

علاوہ ازیں ٹی وی چینل کی جانب سے دوسرے مقبول ڈرامے ’کیسی تیری خودغرضی‘ کی بھی چند قسطوں کو ریلیز کردیا گیا۔

’کیسی تیری خودغرضی‘ کو عربی میں ’کم انت انانی‘ کے نام سے جاری کیا گیا ہے اور اب تک اس کی چند قسطیں ہی پیش کی گئی ہیں۔

’کیسی تیری خود غرضی‘ کی کہانی امیر اور غریب گھرانے کے گرد گھومتی ہے، جس میں امیر گھرانہ غریب گھرانے کی لڑکی کو شادی کے لیے بلیک میل کرتا ہے اور بالآخر وہ لڑکی شادی کے لیے رضامند ہوجاتی ہے لیکن پھر امیر گھرانے کا سربراہ اس لڑکی کو قتل کروانے کی کوشش کرتا ہے، جس میں حیران کن طور پر امیر شخص کا بیٹا ہی ہلاک ہوجاتا ہے۔

دونوں ڈراموں کی عربی زبان کی قسطوں کو زیادہ سے زیادہ 10 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے۔

دوسری جانب ہم ٹی وی کی جانب سے اپنے عربی یوٹیوب چینل پر مقبول ڈرامے ’پری زاد‘ کا عربی زبان میں ترجمہ کیا ہوا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔

ہم عربیہ کی جانب سے بھی چینل کے مقبول ڈراموں کو عربی زبان میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ چینل جلد ہی دوسرے مقبول ڈراموں کو بھی ترجمہ کرکے پیش کرے گا۔

اس ڈرامے کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو انتہائی غریب اور بدصورت ہوتا ہے، جس کی زندگی میں چند لڑکیاں آتی ہیں لیکن تمام انہیں مسترد کرتی ہیں اور پھر وہ غریب شخص قسمت کی مہربانی سے امیر بن جاتا ہے۔

مذکورہ تینوں ڈراموں کو پاکستان میں بہت سراہا گیا تھا اور انہیں بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024