• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جناح ہسپتال کی سابق سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کراچی میں انتقال کرگئیں

شائع May 27, 2023
ڈاکٹرسیمی جمالی 2021 میں جناح ہسپتال سے ریٹائر ہوئی تھیں—فائل/فوٹو: ڈان
ڈاکٹرسیمی جمالی 2021 میں جناح ہسپتال سے ریٹائر ہوئی تھیں—فائل/فوٹو: ڈان

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کی سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کراچی میں انتقال کرگئیں۔

ڈان ڈاٹ کام کو ڈاکٹر سیمی جمالی کے بھائی بلال میمن نے بتایا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور آغاخان ہسپتال میں گزشتہ 8 روز سے زیر علاج تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نجی ہسپتال میں آج شام کو 7:30 بجے انتقال کرگئیں اور ان کی عمر 61 برس تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے شوہر ڈاکٹر اے آر جمالی، دو بیٹے عمر جمالی اور بابر جمالی کو سوگوار چھوڑا ہے۔

خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کی نماز جنادہ کل (اتوار) کو بعد نماز عصر جے پی ایم سی مسجد میں ادا کی جائے گی۔

تعزیتی بیانات

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جناح ہسپتال کی سابق ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر دکھ اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی جفاکش اور ذمہ دار افسر تھیں، ان کا انتقال شعبہ صحت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کی کورونا وبا کے دوران خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی ایک بہادر اور مضبوط خاتون تھیں اور مرومہ کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحومہ نے صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سیمی کی طبی خدمات اور جناح ہسپتال کے لیے دی گئی ان کی انتظامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی گا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کا شاندار میڈیکل کیریئر

ڈاکٹر سیمی جمالی 33 سال فرائض انجام دینے کے بعد جے پی ایم سی سے 2021 میں ریٹائر ہوئی تھیں۔

انہوں نے نواب شاہ سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے اور سول ہسپتال کراچی میں ہاؤس جاب کے بعد 1988 میں میڈیکل افسر کی حیثیت سے جناح ہسپتال میں خدمات کا اغاز کیا تھا۔

بعد ازاں 1993 میں انہوں نے تھائی لینڈ سے پبلک ہیلتھ منیجمنٹ (ایم پی ایچ ایم) میں ڈگری حاصل کی اور 1995 میں جے پی ایم سی کے شعبہ ایمرجنسی کی انچارج مقرر کیا گیا۔

انہیں امریکی ریاست بالٹی مور کے جانز ہاپکنز اسکول آف پبلک ہیلتھ میں پبلک ہیلتھ پالیسی اور انجری پریوینشن میں پوسٹ ڈاکٹورل فیلوشپ کے لیے اسکالرشپ سے نواز دیا گیا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی 2010 میں جناح ہسپتال کی جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بنیں اور پھر 6 سال بعد ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر ہوئیں۔

انہوں نے سندھ میں سرکاری سطح پر صحت کے شعبے میں پہلی مرتبہ جے پی ایم سی میں ایمرجنسی کیئر ٹریننگ پروگرام، مردہ خانہ اور کتے کے کاٹنے کے علاج کے لیے مرکز سمیت مختلف اقدامات متعارف کرائے۔

جناح ہسپتال کے دروازے پر 2010 میں بم دھماکا ہوا تھا جہاں وہ بھی زخمی ہوئی تھیں اور ان کے علاوہ دیگر افراد بھی زخمیوں میں شامل تھے۔

ان کی سرپرستی میں جناح ہسپتال میں سرکاری اور نجی تعاون سے ایمرجنسی کا شعبے کو جدید بنایا گیا ۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے دوران سروس کئی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایوارڈز بھی حاصل کیے، جن میں تمغہ امتیاز اور ویمن اچیومنٹ ایوارڈ بھی شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024