• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بلوچستان: ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکا، ایک کان کن جاں بحق، 3 زخمی

شائع May 27, 2023
4 کان کن جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
4 کان کن جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک کان کن جاں بحق اور 4 کان کن جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ضلع دکی میں تعینات مائن انسپکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کوئلے کی کان میں موجود کان کن آکسیجن برقرار رکھنے کے لیے کمپریسر نصب کر رہے تھے جس کی پائپ لائن جوڑنے کے لیے آگ جلانے کی کوشش کی گئی، اس دوران کان میں موجود گیس کے باعث دھماکا ہوگیا۔

دھماکے کے نتیجے میں کوئلے کی کان میں موجود کان کنوں کے منیجر ( ٹیم لیڈر) موقع پر جاں بحق اور دیگر 4 کان کن جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو سول ہسپتال دکی میں طبی امداد کے بعد کوئٹہ بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب رواں ماہ 4 مئی کو ایک اور کوئلے کی کان میں دب جانے والے 2 کان کنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

مائن انسپکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ ضلع دکی کے ایک اور کوئلے کی کان میں محکمہ مائنز اور دیگر ریسکیو اداروں کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جہاں 4 مئی کو ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد کوئلے کی کان بیٹھ گئی تھی اور 3 کان کن دب گئے تھے، تاہم ایک کان کن نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا جبکہ 2 کان کنوں کی تلاش تاحال جاری ہے۔

مذکورہ کوئلے کی کان میں 23 دن سے جاری ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں ریسکیو ٹیمیں تقریباً 680 فٹ گہرائی تک پہنچ چکے ہیں، امید ظاہر کی جارہی ہے 24 گھنٹوں تک دونوں کان کنوں کو ملبے سے نکال لیا جائے گا۔

قبل ازیں رواں برس 3 مارچ کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان کے اندر گیس کے دھماکے میں کم از کم 6 کان کن جاں بحق ہو گئے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا تھا کہ کان کن تقریباً 1500 فٹ کی گہرائی میں کھدائی کر رہے تھے کہ کان کے اندر میتھین گیس جمع ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔

یاد رہے کہ رواں برس 10 فروری کو بلوچستان کی دکی اور شارگ کوئلہ فیلڈ کی کانوں میں ہونے والے 2 حادثات میں 3 کان کن جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لیویز حکام کا کہنا ہے کہ پہلا واقعہ دکی میں واقع کوئلہ کان میں اس وقت پیش آیا جب کان سے کوئلہ اٹھانے والی ٹرالی کی رسی ٹوٹ گئی اور کان میں کام کرنے والے مزدوروں پر جا گری، حادثے میں کان کے 2 مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024