• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’تیرے بن‘ کی حالیہ قسط، ناظرین کا پروڈیوسر پر سین ڈیلیٹ کرنے کا الزام

شائع May 25, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ/یوٹیوب
فوٹو: اسکرین شاٹ/یوٹیوب

تنازع کا شکار پاکستان کا مقبول ترین ڈراما ’تیرے بن‘ کے پروڈیوسرز اور لکھاری پر الزام لگایا جارہا ہے کہ ازدواجی ریپ دکھانے پر ناظرین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد ڈرامے کی حالیہ قسط میں تبدیلی کی گئی ہے اور ایک سین کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

’تیرے بن‘ کو جیو ٹی وی پر دسمبر 2022 سے پیش کیا جا رہا ہے، جس کے ٹائٹل سانگ پر بھی بھارتی گانے کی کاپی کا الزام بھی لگایا جا چکا ہے۔

ڈرامے میں بشریٰ انصاری، وہاج علی، یمنیٰ زیدی اور حرا سومرو، سبینہ فاروق، فضیلہ قاضی اور فرحان علی آغا سمیت دیگر نے کردار ادا کیا ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی وہاج علی (مرتسم) اور یمنیٰ زیدی (میرب) کے کرداروں کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ان کے درمیان جھگڑوں، غلط فہمیوں، محبت اور تناؤ کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں اداکارہ سبینہ فاروق (حیا) نے ایک طرح سے منفی کردار ادا کیا ہے جو مرتسم کی محبت میں گرفتار ہوتی ہیں اور وہ ان کی شادی تڑوانے کی کوششیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

گزشتہ ہفتے کی قسط میں ہم نے دیکھا کہ جب میرب دیکھتی ہے کہ حیا نے مرتسم کو گلے لگایا ہوا ہے تو وہ آگ بگولہ ہوجاتی ہے جس کے بعد ہی مرتسم اور میرب کے درمیان جھگڑا شروع ہوجاتا ہے۔

اس دوران مرتسم حیا کو معاملے کی سچائی بتانے کا کہتے ہیں لیکن وہ کچھ کہے بغیر وہاں سے چلی جاتی ہے بعدازاں جب میرب غصے میں آکر کمرے سے باہر جانے لگتی ہے تو مرتسم اس کا ہاتھ پکڑ کر روک دیتے ہیں جس پر میرب مرتسم کو تھپڑ رسید کردیتی ہیں، جس کے بعد بحث کے دوران وہ ان کے منہ پر تھوک بھی دیتی ہیں۔

تھپڑ کھانے اور منہ پر تھوک پڑنے کے بعد مرتسم طیش میں آکر کمرے کا دروازہ بند کرکے اہلیہ میرب کو دھمکی دیتے ہیں کہ ان کے درمیان شادی کے وقت ہونے والے معاہدے کی کیا اوقات تھی۔

مرتسم کی جانب سے دروازے کو بند کیے جانے پر شائقین نے اندازہ لگایا ہے کہ اگلی یعنی 47 ویں قسط میں ازدواجی ریپ کو دکھایا جائے گا۔

’47ویں قسط نے کئی سوالات کھڑے کردیے‘

گزشتہ ہفتے جب 47ویں قسط کا ٹیزر دکھایا گیا تھا تو سوشل میڈیا پر ازدواجی ریپ سے متعلق ڈرامے کے پروڈیوسرز اور لکھاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہاں تک کے ایک روز قبل پروڈیوسر بھی اپنا ردعمل دیے بغیر نہ رہ سکے۔

عبداللہ کادوانی نے ناظرین پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے قسط کا انتظار کریں اور مکمل ڈراما دیکھے بنا کسی بھی نتیجے پر نہ پہنچیں۔

پروڈیوسر کے اس ردعمل پر بھی ٹوئٹر صارفین نے مایوسی اور غصے کا اظہار کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز ریلیز ہونے والی 47ویں قسط نے ناظرین کے ذہنوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے، حالیہ قسط میں بظاہر دکھایا گیا کہ یہ ازدواجی ریپ نہیں بلکہ اس میں دونوں کرداروں کی رضامندی شامل تھی جس پر دونوں ہی کردار شرمندہ ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائقین نے ڈرامے میں ’غیر متوقع موڑ‘ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے شدید تنقید بھی کی، جبکہ کئی لوگوں کا خیال تھا کہ کہانی میں تبدیل کی گئی ہے۔

ناظرین جانب سے یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ڈرامے کے کچھ سین کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے، جبکہ کئی ٹوئٹر صارفین نے کہا کہ 47ویں قسط کے ٹیزر میں دکھائے جانے والے میرب اور حیا کے سین کو بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024