• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اسلام آباد: اپریل میں شہری ساڑھے 16 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی و اشیا سے محروم

شائع May 22, 2023
اسلام آباد پولیس نے اپریل کے دوان ڈکیتیوں کے مجموعی طور پر 276 مقدمات درج کیے— فائل فوٹو: رائٹرز
اسلام آباد پولیس نے اپریل کے دوان ڈکیتیوں کے مجموعی طور پر 276 مقدمات درج کیے— فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہری صرف اپریل کے مہینے میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں 16 کروڑ 50 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا سے محروم ہوگئے جو تقریباً 3 ہزار 828 روپے فی منٹ بنتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس کے مرتب کردہ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ دارالحکومت میں روزانہ اوسطاً 55 لاکھ 10 ہزار روپے کی اشیا یا نقدی لوٹی یا چوری کی گئیں اس کا مطلب یہ کہ ڈکیتوں نے ہر گھنٹے 2 لاکھ 29 ہزار 716 روپے لوٹے۔

اسلام آباد پولیس نے اپریل کے دوان ڈکیتیوں کے مجموعی طور پر 276 مقدمات درج کیے، اس میں ایک ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے شہری کو قتل کر کے 40 ہزار روپے اور موٹرسائیکل چھین لی تھی۔

13 واقعات میں ڈکیتوں نے گولی مار کر 13 شہریوں کو زخمی کیا جس میں 9 ڈکیتیوں میں 70 لاکھ 5 ہزار روپے مالیت کی قیمتی اشیا اور 11 موبائل فونز چھینے گئے۔

پرتشدد ڈکیتیوں کے 4 مقدمات پولیس نے درج کیے جس میں اتنے ہی شہریوں کو زخمی کیا گیا جبکہ اس میں سے 3 کیسز میں 10 لاکھ 9 ہزار روپے اور 2 موبائل فونز چھینے گئے۔

پولیس نے گھروں میں ہونے والی ڈکیتیوں کے 9 مقدمات درج کیے جس میں 8 کیسز میں مجرمان ایک کروڑ 54 لاکھ 59 ہزار کی نقدی اور قیمتی اشیا، 52.5 تولے سونا اور 11 موبائل فونز لے اڑے۔

اسی طرح دکانوں پر ہونے والی ڈکیتی کی 15 وارداتوں میں ڈاکوؤں نے 16 لاکھ 98 ہزار 580 روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا اور 16 موبائل فونز لوٹے۔

ان کے علاوہ سڑک پر ہوئی ڈکیتیوں کے 230 مقدمات درج کیے گئے جس میں سے 226 واقعات میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا، ایک ویگو گاڑی، 53 موٹر سائیکلیں، 4 تولہ سونا اور 3 لیپ ٹاپ چھین کر لے گئے۔

ڈکیتی اور اغوا کے درج 3 مقدمات میں مجرمان ایک لاکھ 71 ہزار روپے، سوا تولے سونا لوٹنے میں کامیاب رہے، ان میں سے ایک کیس میں نوسرباز نے حکومتی عہدیدار بن کر شہری کو 60 ہزار روپے سے محروم کردیا۔

اپریل کے دوران اسلام آباد پولیس نے دیہی علاقوں میں ڈکیتی کے 95 کیسز، صنعتی علاقے میں 92، صدر میں 57 اور شہری علاقے میں 32 کیسز درج کیے۔

گھروں سے چھینا جھپٹی کے 3 مقدمات درج ہوئے جس میں ایک لاکھ 3 ہزار 370 روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا اور 23 تولے سونا چھینا گیا۔

اسی طرح سڑکوں پر ہوئی ڈکیتیوں کے 89 واقعات میں 38 لاکھ روپے کی نقدی اور قیمتی اشیا، 82 موبائل فونز، ایک گاڑی، 3 موٹر سائیکلز اور ایک لیپ ٹاپ چھینا گیا۔

علاوہ ازیں چھینا جھپٹی کی 94 وارداتوں میں سے پولیس نے دیہی علاقے میں 38، صدر میں 26 اور شہری علاقے میں 4 مقدمات درج کیے۔

پولیس نے گھروں میں ہوئی چوری کی وارداتوں کے 66 مقدمات درج کیے جن میں سے 60 کیسز میں چور 3 کروڑ 8 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا، 28 موبائل فونز، 25 لیپ ٹاپ اور ایک موٹر سائیکل چرا کر لے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024