• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بلوچستان: زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، 3 جوان شہید

شائع May 20, 2023
سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار بلوچستان کے علاقے زرغون میں شہید ہوئے—فوٹو: ریڈیو پاکستان
سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار بلوچستان کے علاقے زرغون میں شہید ہوئے—فوٹو: ریڈیو پاکستان

بلوچستان کے علاقے زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 20 مئی 2023 کو علی الصبح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بلوچستان کے مارگیٹ ایریا زرغون میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، جو حال ہی میں علاقے میں کوئلے کی کانوں کو نشانہ بنا کر بھتہ خوری کی کوششوں کو روکنے میں مدد کے لیے قائم کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی پوسٹ پر موجود جوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے جہنم واصل کر دیا۔

مزید بتایا گیا کہ کوششوں پر مبنی فالو اپ کے تحت قریبی پہاڑوں میں ممکنہ طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشان دہی کی گئی ہے اور بلاکنگ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن مؤثر انداز سے آگے بڑھ رہا ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے سے دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنےکے لیے دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

خیال رہے کہ 13 مئی کو بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک شہری سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ اس کارروائی میں ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کا کہنا تھا کہ کمپاؤنڈ میں موجود تمام 6 دہشت گرد، جو پوری طرح اسلحے سے لیس تھے ان کا صفایا کردیا گیا۔

اسی طرح 17 مئی کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں جانی خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے میں اسلحہ اور بارود بھی تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024