• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دو شادیاں ناکام ہونے کے بعد تیسری شادی کا ارادہ ہی نہیں کیا، جاوید شیخ

شائع May 16, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

سینئر اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ پہلی دونوں شادیوں کی ناکامی کے بعد انہوں نے کبھی تیسری شادی کرنے کا سوچا ہی نہیں، کیوں کہ وہ لوگوں میں اپنے متعلق غلط رائے نہیں چاہتے تھے۔

سینئر اداکار نے ’حافظ احمد پوڈ کاسٹ‘ میں اپنی دونوں ناکام شادیوں اور کیریئر پر کھل کر بات کی اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ انہوں نے تیسری شادی نہیں کی۔

جاوید شیخ نے کیریئر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی پاکستانی فلم کا میوزک ریکارڈ کرنے کے لے ممبئی گئے تو ان کا ٹی وی پروگرام دیکھ کر انہیں فلم ساز نے بولی وڈ فلم ’شُکر‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی، جس کے بعد انہیں یکے بعد دیگرے فلموں میں کام کی پیش کش ہوتی رہی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بھارت میں ان کے ڈراموں کی وجہ سے کافی شہرت حاصل تھی اور تقریبا فلم انڈسٹری کے تمام بڑے ناموں نے ان کا ڈراما ’ان کہی‘ دیکھ رکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اکشے کمار، اجے دیوگن، شاہد کپور اور شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا اور انہیں بہت عزت دی گئی۔

اداکار نے پوڈکاسٹ میں کیریئر سمیت اپنی شادیوں اور تعلقات پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی شادی اپنی مداح خاتون زینت منگی سے کی تھی، ان دنوں وہ اپنی فلم ’ڈوبتا کنارہ‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

انہوں نے بتایا کہ زینت منگی ان کی مداح تھیں، جن سے دوستی کے بعد انہوں نے ان سے شادی کا فیصلہ کیا لیکن محض تین سال بعد ہی ان کی طلاق ہوگئی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں زینت منگی سے بیٹا فہد جب کہ بیٹی مومل شیخ ہیں۔

جاوید شیخ کے مطابق زینت منگی سے ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی طلاق محض تین سال بعد ہوگئی، جس کے بعد وہ کافی پریشان رہنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد اداکارہ سلمیٰ آغا ان کے قریب آئیں، وہ ان کا خیال رکھنے لگیں، انہوں نے سمجھ لیا تھا کہ میں طلاق کے بعد پریشان ہوں۔

جاوید شیخ کے مطابق بعد ازاں سلمیٰ آغا نے انہیں شادی کی پیش کش کی، جس پر انہوں نے دوسری مرتبہ شادی کرلی لیکن ایک بار پھر ان کی تین سال بعد طلاق ہوگئی۔

اداکار نے واضح کیا کہ دوسری اہلیہ سے انہیں کوئی اولاد نہیں اور دوسری طلاق بھی ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

جاوید شیخ نے تیسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شکرانے ادا کیے کہ انہوں نے تیسری شادی نہیں کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ دو طلاقیں ہوجانے کے بعد انہوں نے اس لیے شادی نہیں کی کہ لوگ ان سے متعلق یہ رائے قائم کرلیتے کہ جاوید شیخ صرف شادیاں ہی کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ دوسری طلاق کے بعد بھی وہ پریشان رہنے لگے۔

مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے دونوں شادیاں ناکام ہونے کے بعد ہونے والے اپنے افیئرز پر کوئی بات نہیں کی لیکن ماضی میں وہ اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ سلمیٰ آغا سے طلاق کے بعد اداکارہ نیلی نے ان کا ساتھ دیا اور وہ ان کا سہارا بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024