• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بولی وڈ اداکارہ گوہر خان کے ہاں بچے کی پیدائش

شائع May 12, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ اور متنازع ماڈل گوہر خان اور موسیقار و اداکار زید دربار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

گوہر خان اور زید دربار نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد دسمبر 2020 میں کورونا کی وبا کے دوران سادگی سے شادی کی تھی۔

گوہر خان اور زید دربار نے 11 مئی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں والدین بننے کی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اداکارہ اور زید دربار نے ایک ہی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش 10 مئی کو ہوئی اور بچہ اور والدہ خوش ہیں۔

دونوں نے والدین بننے کی خوشی میں خدا کا شکر بھی ادا کیا اور ساتھ ہی اعتراف کیا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد ہی انہیں احساس ہو رہا ہے کہ حقیقی خوشی کیا ہوتی ہے؟

دونوں نے مداحوں کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اگرچہ دونوں نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کی، تاہم دونوں نے بیٹے کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ بچے کی پیدائش کہاں ہوئی؟

خیال رہے کہ گوہر خان نے 2004 میں فلم ’آن: مین ایٹ ورک‘ میں مختصر کردار سے فلمی اداکاری کا آغاز کیا تھا، اس سے قبل ہی وہ ٹی وی پر اداکاری کی شروعات کر چکی تھیں۔

گوہر خان نے کرائم تھرلر بولی وڈ فلم ’ونس اَپون ٹائم ان ممبئی، عشق زادے، کیا کول ہیں ہم تھری، فیور، بدری ناتھ کی دلہنیا، بیگم جان اور تیرا انتظار‘ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

گوہر خان نے معروف ڈانس پروگرام ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی حصہ لیا جب کہ وہ بگ باس سمیت خطروں کے کھلاڑی نامی ہارر ایکشن ریئلٹی شو میں بھی دکھائی دیں۔

انہیں ان کے متنازع بیانات، متنازع پروگرامات میں شرکت، ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے جیسے معاملات کی وجہ سے زیادہ شہرت ملی۔

گوہر خان کے شوہر زید دربار بھی آرٹسٹ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی آواز دربار ماڈل ہیں جب کہ وہ خود بھی سوشل میڈیا اسٹار اور ڈانس کوریوگرافر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024