• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ٹی آئی سیاسی جماعت رہنا چاہتی تو پُرامن احتجاج کی کال دیتی، بلاول بھٹو

شائع May 11, 2023
بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب ترامیم سے فائدہ حاصل کرنے والا سب سے پہلا سیاستدان خود عمران خان ہے — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب ترامیم سے فائدہ حاصل کرنے والا سب سے پہلا سیاستدان خود عمران خان ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد جاری مظاہروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی سیاسی جماعت رہنا چاہتی تو پُرامن احتجاج کی کال دیتی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاستدان گرفتار ہوتے ہیں تو پوری سیاست کا نقصان ہوتا ہے، ہم کبھی جشن نہیں مناتے، نہ ہی مٹھائی بانٹتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے دن سے نیب کے خلاف ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نیب کا دفاع کرتی آئی ہے، 2008 سے 2013 تک چارٹر آف ڈیموکریسی کا حصہ تھا کہ ہم نیب کو بند کریں گے، عمران خان نے اس کو مک مکا قرار دیا اور نیب کو بچانے کے لیے مہم شروع کردی۔

’نیب ریفارمز سب کا مطالبہ تھا لیکن عمران خان نے مخالفت کی‘

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جس اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اس میں شامل اتحادی نے ہمارے اس مؤقف سے اتفاق کرلیا ہے، نیب ریفارمز ہم سب کا مطالبہ تھا لیکن عمران خان نے نیب ریفارمز کی مخالفت کی اور ہم پر این آر او کا الزام لگایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نیب ترامیم سے فائدہ حاصل کرنے والا سب سے پہلا سیاستدان خود عمران خان ہے، افسوس ہے کہ ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، انہوں نے برطانیہ سے رقم کی منتقلی کے معاملے میں اپنی کابینہ کو دھوکا دیا، میں پی ٹی آئی کی اس وقت کی کابینہ میں شامل تمام اراکین سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان الزامات کی تردید کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ عمران خان گرفتار ہوتے تو ان کی جماعت کہتی کہ ہمارا قائد کتنا بہادر ہے لیکن ان کا ردعمل سب نے دیکھا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت رہنا چاہتی تو پُرامن احتجاج کی کال دیتی اور سیاسی ردعمل تک محدود رہتی۔

’پی ٹی آئی نے جیسے حملے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایسے حملے کیے گئے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، جہاں تک مجھے یاد ہے جی ایچ کیو پر ایک حملہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا تھا اور اب پی ٹی آئی نے کیا ہے، ایک حملہ بلوچستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر پر کالعدم بی ایل اے نے کیا تھا اور اب لاہور کے جناح ہاؤس پر پی ٹی آئی نے حملہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے قائد کو پھانسی دی گئی تھی لیکن پیپلزپارٹی نے کبھی جی ایچ کیو یا کسی کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کارکنان نے خود کو جلایا لیکن پاکستان کو نقصان نہیں پہنچنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ دنوں جو کردار ادا کیا ہے انہیں اس کا جواب دینا پڑے گا، پی ٹی آئی میں شامل لوگوں نے ہر ریڈ لائن کو کراس کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق عمل کرے تاکہ آئندہ کوئی سیاسی جماعت، گروہ یا تنظیم اس حد تک پاکستان کا قانون توڑنے کی نہ سوچے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کروں گا حالانکہ پیپلز پارٹی پر پابندیاں بھی لگیں اور ہمارا نشان بھی ہم سے چھین لیا گیا لیکن میں اصولی طور پر سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کرتا اور میں امید کرتا ہوں کہ حالات کی مجبوری کی وجہ سے ہمیں اس جانب نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اب یہی مشورہ ہے کہ جو انہوں نے کرلیا سو کرلیا، ذمہ داران کو اس کا جواب تو دینا پڑے گا لیکن اب ان کو مزید خرابی نہیں کرنا چاہیے، ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں اور اپنے لیے مزید مشکلات پیدا نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کا عدالتی یا کوئی اور حل نہیں بلکہ سیاسی حل نکلے، ایسے وقت میں جب اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہنا چاہ رہی ہے یہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے بہترین وقت ہے کہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں، سیاسی دائرہ میں رہ کر کام کرنا ہوگا ورنہ ماضی میں جو ہوا وہ دوبارہ ہوسکتا ہے۔

’پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا انہیں سیاسی جماعت رہنا ہے یا نہیں‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ردعمل کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں سیاسی جماعت رہنا ہے یا نہیں، یہ ہمارا فیصلہ نہیں کہ ان پر پابندی لگنی چاہیے یا نہیں لیکن اب یہ اُن کے اوپر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ریاستِ پاکستان کے خلاف مسلح بغاوت کا فیصلہ کرتی ہے تو یقیناً ایسے حالات پیدا ہوں گے کہ ہمیں مجبوراً اس طرح کی جماعتوں پر پابندی لگانی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے طے ہوگیا جس میں پیپلزپارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور سندھ اور کراچی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہوگئی، 30 مئی کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی فتح کا دن منائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024