• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزارت داخلہ کی ہدایات پر ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل

شائع May 9, 2023
انٹرنیٹ سروس میں خلل اور سست روی کی شکایات سے سوشل میڈیا بھی بھر گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
انٹرنیٹ سروس میں خلل اور سست روی کی شکایات سے سوشل میڈیا بھی بھر گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت داخلہ کی ہدایات پر ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن نے رائٹرز کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے احکامات پر موبائل ڈیٹا سروسز کو معطل کیا جا رہا ہے جبکہ ایک عالمی انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس نے کہا کہ پاکستان میں ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی کو محدود کر دیا گیا ہے۔

عالمی سطح پر انٹرنیٹ بندش کی نگرانی کرنے والی تنظیم نیٹ بلاکس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب کی سروسز میں خلل ڈالا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آج قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی حدود سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔

نیٹ بلاکس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کچھ علاقوں میں مکمل طور پر انٹرنیٹ معطل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریئل ٹائم نیٹ ورک ڈیٹا درج کرنے کے وقت پاکستان میں کچھ موبائل اور فکسڈ لائن انٹرنیٹ سروسز پر بندش کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پاکستان بھر میں 30 وینٹیج پوائنٹس سے 60 پیمائش کے ابتدائی نمونوں کی نگرانی کی گئی ہے۔

نیٹ بلاکس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رکاوٹ کو ایک ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے حل کیا جا سکتا ہے جو کہ حکومت کے انٹرنیٹ بندش کے اقدامات کو روک سکتا ہے۔

نیٹ بلاکس بنیادی حقوق بشمول آزادی اظہار اور آزادی اجتماع پر غیر متناسب اثرات کے پیش نظر سیاسی اظہار کو محدود کرنے کے لیے نیٹ ورک کی رکاوٹوں اور سوشل میڈیا کی پابندیوں کے خلاف تجاویز پیش کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024