• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

توہین پارلیمنٹ بل متعارف، 6 ماہ قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا تجویز

شائع May 9, 2023
قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں یہ تحریک رانا محمد قاسم نون نے پیش کی — فوٹو: ٹوئٹر
قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں یہ تحریک رانا محمد قاسم نون نے پیش کی — فوٹو: ٹوئٹر

قومی اسمبلی میں توہین پارلیمنٹ سے متعلق بل پیش کردیا گیا جس میں توہین پارلیمنٹ پر 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں بل کی تحریک رانا محمد قاسم نون نے پیش کی۔

رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ پارلیمان کو اداروں کی ماں کہا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے کمزور ماں کمزور اولاد کا باعث بنتی ہے، اگر جری ماں ہو گی تو جری اولاد بھی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی تضحیک، جتنی بے توقیری اس ایوان کی ہوئی ہے، اس کی آج تک مثال نہیں ملتی، جب ہم اسے اداروں کی ماں کہتے ہیں تو ہمیں اداروں کی روایات کا بھی خیال رکھنا ہے، پارلیمان کی بالادستی ہے، کہنے کی حد تک تو ہے لیکن عملی طور پر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کے تحفظ، آئین اور پارلیمنٹ کے دفاع کا حلف اٹھایا ہے لیکن ہم نے یہ بھی دیکھا کہ پہلی حکومت میں اس ایوان میں لعنتیں برسائی گئیں، گالیاں دی گئیں، اتنی بے توقیری پاکستان کی سیاسی اور پارلیمانی تاریخ میں آج تک نہیں دیکھی گئی۔

رانا محمد قاسم نون نے مزید کہا کہ جس کا جو دل چاہتا ہے وہ پارلیمان کو رگڑ دیتا ہے، ہمارا میڈیا ٹرائل ہوتا ہے، بدنیتی پر مبنی مہم چلائی جاتی ہیں، اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم کہتے ہیں کہ توہین پارلیمنٹ کا قانون بننا چاہیے کیونکہ اس پارلیمان کی عزت ہوگی تو ہی آئینی اداروں کی عزت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اس ایوان کی عزت سے کمیٹیوں کو فعال ہونا ہوگا، جب تک کمیٹیاں فعال نہیں ہوں گی، اس وقت تک ایوان مؤثر انداز میں نہیں چل سکتا، جس طرح دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں توہین پارلیمنٹ پر واضح سزا و جزا کا طریقہ کار موجود ہے، اسی طرح یہاں بھی رائج کیا جائے۔

اس موقع پر اسپیکر نے وزیر برائے پارلیمانی امور شہادت اعوان سے پوچھا کہ کیا وہ اس بل کی مخالفت کریں گے تو انہوں نے کہا کہ قاسم نون نے بہت اچھا بل متعارف کرایا ہے، لیکن بہتر یہ ہو گا کہ اسے ایک دن کے لیے کمیٹی میں بھیجیں اس پر ان کی بھی رائے آجائے اور پھر اس کے بعد پرسوں اس کو قانون سازی کے لیے پیش کریں۔

تاہم قائد حزب اختلاف نے بل کو کمیٹی میں بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل ہماری عزت کا مسئلہ ہے، یہ اس ایوان کی عزت کا مسئلہ ہے اور اس کو کس وجہ سے کمیٹی میں بھیجیں، جب ہم پر حملہ ہونا ہوتا ہے تو ایک جج تلوار پکڑ کر سب کے سر قلم کر دیتا ہے اور جب ہماری باری آتی ہے اور ہماری عزت کا مسئلہ ہوتا ہے تو ہم خود ہی کمیٹیوں کو تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کمیٹی کی ضرورت نہیں، یہ ہمارے پورے ایوان کی عزت کا مسئلہ ہے اس لیے میں بطور قائد حزب اختلاف قاسم نون صاحب کو مکمل سپورٹ کرتا ہوں، اس لیے مہربانی کریں اور اس بل کے لیے کسی کمیٹی کی ضرورت نہیں۔

وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ اس معاملے پر تمام روایات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، اس معاملے کو کمیٹی کو بھجوایا جائے اور اس کے بعد پھر اسے اگلی نجی کارروائی کے دن پیش کرکے منظور کرلیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے بھی بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قاسم نون نے جو بات کی ہے وہ پورے ایوان کی بات ہے جبکہ راجا ریاض نے جو بات کی اس پر بھی پورا ایوان متفق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو تین ہفتوں میں ایسی ایسی سازشیں بے نقاب ہو رہی ہیں، ایسے انکشافات ہو رہے ہیں، سمجھتا تھا کہ اداروں کے اندر ایک طوفان برپا ہوگا کہ ہمارے اداروں کے اندر یہ الزامات کیسے لگے؟ میں سمجھتا تھا کہ وہ سخت احتساب کے لیے کوئی راہ ڈھونڈ رہے ہوں گے مگر ڈھٹائی سے ٹکٹیں بھی تقسیم کر رہے ہیں اور سہولت کاری کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جماعت کے جنرل سیکریٹری کہہ رہے تھے کہ وقت آ گیا ہے کہ جو الزامات عمران خان آرمی چیف یا اداروں پر لگا رہے ہیں، بہتر ہو کہ ایک دوسرے کی غلط فہمیاں دور کردیں، اگر ایسا ہے تو پھر کچے کے ڈاکو کو بھی آئی جی کے ساتھ بیٹھ جانا چاہیے۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ کب تک ملک کا نقصان ہوتا رہے گا اور ہم مٹی ڈالتے رہیں گے، بھٹو کو پھانسی ہوگئی تو کہا گیا مٹی پاؤ آگے چلیں، نواز شریف تاحیات نااہل ہوگیا اور کہا گیا مٹی پاؤ آگے چلیں، اس ہاؤس سے اداروں کو روشنی ملتی ہے مگر پھر اس ہاؤس کی عزت و تقدس کیوں پامال ہوتا ہے، کبھی ہمیں بندوق والے اور کبھی ہتھوڑے والے پکڑ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوان نے فیصلہ کیا ہے، رائے دی ہے لہٰذا اس معاملے پر اسٹینڈ لیا جائے، اگر کسٹوڈین اس بات کا اسٹینڈ نہیں لے گا تو کون لے گا؟ کیسے تقدس بحال ہوگا۔

اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تحقیر پارلیمنٹ سے متعلق بہت پہلے قانون سازی کرنی چاہیے تھی، قانون کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کا اختیار اس ایوان کے پاس ہے اور اگر ادارے ایک دوسرے کے اختیار میں مداخلت کریں گے تو گڑبڑ ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اتنا اچھا قانون بننے جارہا ہے، اس پر غور کرنا چاہیے، اس کو کمیٹی میں بھیجیں اور اس کو مزید خوبصورت شکل دیں گے، قائمہ کمیٹی میں چیزیں مزید بہتر ہوتی ہیں۔

بعد ازاں توہین پارلیمنٹ بل 2023 ایوان میں متعارف کرا دیا گیا۔

اسپیکر نے بل پیش کرنے کی تحریک منظوری کے لیے ایوان میں پیش کی اور ایوان نے بل پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

توہین پارلیمنٹ بل 2023 رانا قاسم نون نے نجی بل کی صورت میں پیش کیا۔

اسپیکر نے بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو مزید غور کے لیے بھیج دیا اور کمیٹی 7 دن کے اندر اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔

توہین پارلیمان بل اور تجاویز

اس بل کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق رانا قاسم نون نے تیار کیا ہے۔

مجوزہ بل کے تحت توہین پارلیمنٹ پر مختلف سزائیں تجویز کی گئی ہیں اور ایوان کی توہین پر 6 ماہ قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔

بل میں تجویز دی گئی ہے کہ پارلیمنٹ کی توہین پر کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جا سکے گا اور 24 رکنی پارلیمانی کنٹمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی۔

اس حوالے سے تجویز دی گئی ہے کہ کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 50، 50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا اور کنٹمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024