• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پانچواں ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی

شائع May 7, 2023 اپ ڈیٹ May 8, 2023
مہمان ٹیم میچ میں 47 رنز کی فتح کے ساتھ سیریز میں کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچنے میں کامیاب ہوگئی—فوٹو: بلیک کیپس ٹوئٹر
مہمان ٹیم میچ میں 47 رنز کی فتح کے ساتھ سیریز میں کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچنے میں کامیاب ہوگئی—فوٹو: بلیک کیپس ٹوئٹر
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرنے والی کیوی ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی — فوٹو: بلیک کیپس ٹوئٹر
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرنے والی کیوی ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی — فوٹو: بلیک کیپس ٹوئٹر
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا — تصویر: آئی سی سی
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا — تصویر: آئی سی سی

5 ایک روزہ میچز کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔

تاہم قومی ٹیم سیریز 1-4 سے جیت چکی ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد 94 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے علاوہ نوجوان بیٹر سلمان علی آغان 57 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ اوپنر فخر زمان نے 33 رنز بنائے۔

دیگر بلے باز کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکے، اوپنر شان مسعود 7، کپتان بابر اعظم ایک، وکٹ کیپیر بلے باز محمد رضوان 9، نائب کپتان شاداب خان 14، اسامہ میر 20، شاہین شاہ آفریدی صفر، محمد وسیم 6 اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح سے پوری پاکستانی ٹیم 46 اشاریہ ایک اوور میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں مہمان ٹیم میچ میں 47 رنز کی فتح کے ساتھ سیریز میں کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچنے میں کامیاب ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلے اور ریچن روندرا تین، تین پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ایڈم ملنے، ہنری میٹ اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرنے والی کیوی ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی، ول ینگ 87، کپتان ٹام لیتھم 59 اور مارک چیپمین 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 32 رنز پر اس وقت گری جب نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام بلنڈل 22 گیندوں پر 15 رنز بنا کر محمد وسیم کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔

ان کے بعد ہنری نکولز آؤٹ ہوئے، انہوں نے 23 رنز بنائے، کیوی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ول ینگ تھے جو شاندار 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں لیگ اسپنر شاداب خان نے آؤٹ کیا۔

دیگر بلے بازوں میں کول میک کونچی 26، ریچن روندرا 28، ایڈم ملنے 3، ہنری شپلے 4، اش سودھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ میٹ ہنری 4 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 3، اسامہ میر اور شاداب خان نے 2، 2 کیوی بلے بازوں کا شکار کیا جب کہ حارث رؤف اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

5 روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی اور آج کا میچ جیتنے کی صورت میں وہ سیریز کلین سوئپ کرسکتا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، شان مسعود، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد حارث، سلمان علی آغا، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ٹام بلنڈل، ولِ ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، جیمز نیشام، کول میک کونچی، بین لسٹر، اش سودھی، میٹ ہنری اور بلیئر ٹکنر۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024