• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’آج کا دن فخر زمان کے نام‘، نیوزی لینڈ کےخلاف عمدہ اننگز پر اوپننگ بلے باز کو خراج تحسین

شائع April 30, 2023
— فوٹو: ٹوئٹر/کرکٹ پاکستان
— فوٹو: ٹوئٹر/کرکٹ پاکستان

گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پچھاڑ کر رکھ دیا، اس فتح میں سہرا فخر زمان کے سر رہا جنہوں نے 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی اس فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم کےٍ کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے 337 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زبردست باریاں کھیلیں، اس دوران انہوں نے وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیل کر حریف باؤلرز کو مکمل طور پر بے بس کیے رکھا۔

فخر نے 144 گیندوں پر 180 رنز بناکر ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اس اننگز میں 17 چوکے اور 6 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

کرکٹر کو شاندار اور دلیرانہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

میچ کے دوران خاص بات یہ تھی کہ فخر زمان نے اپنے کریئر کی دسویں اور جبکہ سیریز کی مسلسل دوسری سنچری بنائی ہے۔

اس کے علاوہ اس اننگز کے دوران اوپننگ بلے باز پاکستان کی طرف سے تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ لیفٹ آرم بلے باز فخر زمان لگاتار 3 میچز میں سنچری کرنے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز بھی بن گئے۔

’میری اننگز کے پیچھے بابر اعظم کی سپورٹ تھی‘

میچ کے بعد ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے فخر زمان نے انکشاف کیا کہ بابر نے انہیں لمبی اننگز کھیلنے پر توجہ دینے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بابر مجھے سنگلز اور ڈبل لینے اور لمبی اننگز کھیلنے کا کہتے رہے جس کی بدولت ہم ہدف تک رسائی میں کامیاب رہے۔

فخر زمان نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بابر کتنا بڑا کھلاڑی ہے، ان کی سوچ دوسروں سے بہت مختلف ہے، اگر رن ریٹ بہت زیادہ اوپر بھی جارہا ہو تو وہ کبھی دباؤ میں نہیں آتے، میچ کے دوران وہ مجھے پرسکون رہنے کو کہتے رہے، اسی طرح ہم نے باآسانی ہدف حاصل کر لیا’۔

دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان کے نام رہا، شاہد آفریدی

اس فتح کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شاندار کارکردگی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

انہوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’دل خوش ہو گیا، ویل ڈن بوائز‘۔

شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان کے نام رہا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی گیند سے آخری گیند تک شاندار انداز میں اختتام کیا، بابر اعظم اور محمد رضوان کی طرف سے اچھی سپورٹ ملی۔

’جب گیند فخر کے سَر پر لگتی ہے تو ہم یقین کرلیتے ہیں کہ اس کی سنچری ہوگی‘

فخر زمان کی شاندار اننگز پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ’فخر زمان نے کافی اچھی اننگز کھیلی، ان کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ وہ آخر تک کھیلے ہیں، میچ کی جیت پر فخر کو زیادہ کریڈٹ جاتا ہے‘۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بھی کہا کہ ہم نے فخر زمان کی بیٹنگ کو کافی انجوائے کیا۔

اسی طرح فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بھی کہا کہ }زندگی میں ایسی بہت کم اننگز ہوتی ہیں جنہیں آپ لائیو انجوائے کرتے ہیں، انہی میں سے فخر زمان کی اننگز تھی، انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا، جس طرح انہوں نے میچ کا اختتام کیا وہ غیر معمولی تھا’۔

بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ }میں کیا پوری قوم فخر زمان کے شاندار کھیل کی گواہ ہے، اس نے ثابت کردیا کہ وہ میچ میں لمبی اننگز کھیلنے والے بہترین کھلاڑی ہیں، اس کی خاص بات یہ ہے کہ جب گیند فخر کے سَر پر لگتی ہے تو ہم یقین کرلیتے ہیں کہ اس کی سنچری ہوگی’۔

فخر زمان کی جارحانہ اننگز پر پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے ٹوئٹ کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کہ ’اس شاندار سنچری کے ساتھ فخر زمان کے لیے ایک بار پھر آج کا میچ پارک میں چہل قدمی کے مترادف رہا، پاکستانی ٹیم کو ایک اور کامیابی پر مبارکباد، اب اگلی جیت پر نظریں ہیں تاکہ سیریز میں فتح ملے۔‘

فخر زمان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

فخر زمان کی شانداز اننگز کے بعد ان کی تعریفیں سوشل میڈیا پر بھی کی جارہی ہیں، ٹوئٹر صارفین نے بلے باز کی حمایت میں لاتعداد ٹوئٹس کیں اور یہ ٹوئٹر پر پورا دن ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’فخرِ پاکستان فخر زمان کی جانب سے شاندار اننگز، وہ ون ڈے کے ہی کھلاڑی ہیں‘۔

حکومتی رکن پارلیمان اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے لکھا کہ ’فخر زمان نے کیا شاندار اننگز کھیلی ہے، 150 سے زیادہ رنز اور خوبصورتی سے بیٹ کیری کرنا، ہر لحاظ سے یہ پاکستان کی شاندار فتح ہے، پاکستان نے ہدف کا بہترین تعاقب اور مقابلہ کیا‘

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024