• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

موٹرسائیکل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

شائع April 30, 2023
یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈل کی قیمت میں 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا— فائل فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈل کی قیمت میں 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا— فائل فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین کو دھچکا لگنے کا سلسلہ جاری ہے، اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے قیمت میں 5 ہزار سے 15 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 900 روپے، سی ڈی-70 ڈریم کی ایک لاکھ 65 ہزار 900 روپے، پرائڈر 2 لاکھ 3 ہزار 900 روپے، سی جی 125 کی نئی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار 900 روپے، سی بی 150 ایف کی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 900 روپے اور سی بی 150 ایف۔سلور کی نئی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 900 روپے ہوگی۔

پاکستان کے دوسرے بڑے موٹرسائیکل اسمبلر یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی 9 مئی سے یونائیٹڈ 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈل کی قیمت میں 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا، جس کی وجہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو بتایا گیا ہے۔

کراچی میں نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں کی مارکیٹ اکبر روڈ پر ڈیلر محمد صابر شیخ نے بتایا کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے 70 سی سی اور 125 سی سی کے دہائیوں پرانے ماڈل کا 96 فیصد مقامی سطح پر بنانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، اس تناظر میں روپے کی قدر میں کمی کے نام پر قیمتوں میں اضافہ جائز نظر نہیں آتا۔

انہوں نے یاد کیا کہ دسمبر 2017 میں سی ڈی 70 اور سی جی 125 بالترتیب 63 ہزار 500 روپے اور ایک لاکھ 5 ہزار 500 روپے میں دستیاب تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ سی کے ڈی کٹس کی درآمد اور ربر اور پلاسٹک کے پرزہ جات کی مقامی سطح پر تیاری کی وجہ سے ہے کیونکہ ان پرزوں کا خام مال بھی درآمد کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ 4 مارچ کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق اسمبلرز نے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگے خام مال کی وجہ سے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں 5 ہزار سے 25 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ جب بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوتی ہے اسمبلرز فوری طور پر قیمتیں بڑھا دیتے ہیں، تاہم جب مقامی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے تو وہ قیمتیں کم کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ٹیٹرا پیک دودھ بھی مہنگا

دوسری جانب، نیسلے پاکستان لمیٹڈ نے سرکلر کے ذریعے ڈیلرز کو فی لیٹر ٹیٹرا پیک کی قیمت میں تقریباً 10 روپے اضافے کی اطلاع دی، جس کا اطلاق 10 مئی سے ہوگا جبکہ اس کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی، جنوری میں دودھ کا فی لیٹر پیک 220 روپے میں دستیاب تھا۔

جبکہ 250 ملی لیٹر کے دودھ کے ڈبے کی قیمت 70 روپے کر دی گئی ہے، جو جنوری میں 63 روپے میں دستیاب تھا۔

نیسلے پاکستان نے رواں ہفتے سہ ماہی فروخت کی رپورٹ میں بتایا کہ جنوری تا مارچ کے دوران 49 ارب 50 کروڑ روپے رہی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 31 فیصد اضافہ ہے، کمپنی کا تین مہینے کے لیے بعد از ٹیکس نفع بڑے اضافے کے بعد 5 ارب 66 روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 4 ارب 45 کروڑ روپے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024