• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل کرایے پر دینے کی منظوری دے دی

شائع April 29, 2023
معاہدے کے تحت 3 سال کے لیے ہوٹل نیویارک سٹی گورنمنٹ کے زیر استعمال ہوگا—فائل/فوٹو: ڈان
معاہدے کے تحت 3 سال کے لیے ہوٹل نیویارک سٹی گورنمنٹ کے زیر استعمال ہوگا—فائل/فوٹو: ڈان

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل 3 سال کے لیے نیویارک سٹی حکومت کو کرایے پر دینے کی منظوری دے دی، جس سے حکومت کو ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر آمدنی کی توقع ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مشہور روز ویلٹ ہوٹل کے ایک ہزار 25 کمرے تین سال کی مدت کے لیےکرایے پر حاصل کرنے کے لیے نیویارک سٹی گورنمنٹ (این وائی سی جی) نے پیش کش کی ہے، جس سے اس دورانیے میں 16 کروڑ ڈالر خرچ کے بجائے تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر آمدنی ہوگی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس پیش کش کی منظوری دی گئی اور این وائی سی جی اور روزویلٹ ورکر یونین کے ساتھ مذاکرات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں 150 سے زائد اشیا اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی گئی اور پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کو 50 لاکھ ٹن گندم کی حصولی کے لیے 110 کھرب 64 ارب مالیت کی کیش کریڈٹ لمٹ کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ایوی ایشن ڈویژن اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز انوسٹمنٹ لمیٹڈ (پی آئی اے-آئی ایل) مین ہیٹن کی اہم پراپرٹی بحال کرنے اور ہوٹل کی ورکر یونین کے ساتھ علیحدگی کی لاگت پر حکومتی ہدایات کے تحت منصوبہ تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیویارک سٹی نے ہوٹل کے ایک ہزار 25 کمرے یومیہ کی بنیاد پر 36 ماہ کے لیے 200 ڈالر کی ریٹ پر حاصل کرنے کی پیش کش کی ہے جہاں تین سالہ تک مہاجرین کو رکھا جائے گا۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ پیش کش 14 ماہ کی ضمانتی مدت کے ساتھ 4 ماہ کا نوٹس کا وقت جو کم از کم 18 ماہ پر مشتمل ہوگا، معاہدے پر عمل درآمد 15 مئی سے ہوگا، جس کے لیے پہلے سال روزانہ 200 ڈالر، دوسرے سال 205 ڈالر اور تیسرے سال 210 ڈالر کرایہ ہوگا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ نیویارک سٹی ٹیکس اور دیگر ادائیگیاں بھی کرے گی اور ماہانہ کرایہ 17 لاکھ 40 ہزار ڈالر ہر مہینے کے آغاز میں ایڈوانس ادا کرے گی۔

اس دوران آگاہ کیا گیا کہ اس معاہدے سے ورکر یونین کے بقایہ جات کی ادائیگی میں مدد ملے گی، جو معاہدے میں تعاون کر رہے ہیں اور اس سے پی آئی اے-آئی ایل کو پہلے سال 74 لاکھ ڈالر، دوسرے سال 53 لاکھ ڈالر اور تیسرے سال 61 لاکھ ڈالر کے ریٹ پر تین سال میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 88 لاکھ ڈالر آمدن ہوگی۔

معاہدے کے مطابق پی آئی اے-آئی ایل کو 15 مئی کو معاہدے کے نفاذ کے ساتھ ہی فوری طور پر 500 کمرے نیویارک سٹی کے حوالے کرنے ہوں گے، جس کے بعد مزید 400 کمرے 30 روز کے اندر اور دیگر 150 کمرے بعد میں حوالے کرنے ہوں گے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ بحالی کے کام کے لیے 11 لاکھ 45 ہزار ڈالر درکار ہوں اور پی آئی اے-آئی ایل کے لیے حکومتی گرانٹ پہلے ہی دستیاب ہے۔

بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ دیگر دستیاب دو منصوبوں کے تحت جہاں ہے جیسے ہے کی بنیاد پر تین سالہ لاگت 16 کروڑ ڈالر ہوگی یا بتدریج تزئین و آرائش اور ہوٹل کی کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی صورت میں 13 کروڑ 20 لاکھ اخراجات ہوں گے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحث کے بعد وزارت ایوی ایشن کی تجاویز کی منظوری دے دی اور مذاکرات کے لیے سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جو نیویارک سٹی گورنمنٹ اور ہوٹل یونین کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔

ای سی سی نے پی آئی اے-آئی ایل (روز ویلٹ ہوٹل) کو ہوٹل میں بحالی کا کام شروع کرنے کے لیے مالی خلا پر کرنے کے حوالے سے دستیاب فنڈ سے 11 لاکھ 45 ہزار ڈالر استعمال کرنے کی بھی اجازت دے دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024