• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مردم شماری کے ابتدائی نتائج میں ملک کی آبادی 23 کروڑ 53 لاکھ سے متجاوز

شائع April 22, 2023
عید کے لیےساتویں مردم اور خانہ شماری کے لیے فیلڈ سرگرمیاں روک دی گئی ہیں—تصویر: اے پی پی
عید کے لیےساتویں مردم اور خانہ شماری کے لیے فیلڈ سرگرمیاں روک دی گئی ہیں—تصویر: اے پی پی

عید کی تعطیلات کے لیے ڈیجیٹل مردم شماری کو روکتے ہوئے پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اب تک 23 کروڑ 53 لاکھ سے زائد افراد شمار کیے جاچکے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آبادی کی یہ تعداد 2017 کی مردم شماری سے 12.98 فیصد یا 2 کروڑ 70 لاکھ زائد ہے جب مردم شماری میں ملک کی آبادی20 کروڑ 7 لاکھ 68 ہزار بتائی گئی تھی۔

پی بی ایس کے ترجمان سرور گوندل نے کہا کہ مردم شماری کی نگرانی کمیٹی (سی ایم سی) کی ہدایات کی روشنی میں عید کی تعطیلات کے بعد ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے لیے 21 اپریل سے 25 اپریل تک ساتویں مردم اور خانہ شماری کے لیے فیلڈ سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔

ایک سرکاری اعلان کے مطابق کراچی میں اب تک ایک کروڑ 65 لاکھ سے زائد افراد کو شمار کیا جا چکا ہے جبکہ لاہور کی آبادی ایک کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

پنجاب میں اب تک شمار کردہ افراد کی تعداد 11 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے جبکہ سندھ میں 5 کروڑ 20 لاکھ افراد کو شمار کیا جا چکا ہے۔

خیبرپختونخوا کے لیے یہ اعداد و شمار 3 کروڑ 90 لاکھ اور بلوچستان کے لیے ایک کروڑ 90 لاکھ ہے۔

اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ملک کی آبادی کے ساتھ ساتھ کراچی اور لاہور کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ریئل ٹائم ڈیٹا پروگریس مانیٹر کرنے والے ڈیش بورڈز، جو نادرا کے ساتھ شراکت میں تیار اور پی بی ایس کے ذریعے صوبائی اور ضلعی حکومتوں کو فراہم کیے گئے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کسی غلطی، کسی بھی علاقے کے شمار ہونے سے رہ جانے اور دیگر ابھرتی ہوئی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنے میں صوبائی حکومتوں کی مدد کرتے ہیں۔

موصول ہونے والے ڈیٹا کا پی بی ایس ہیڈکوارٹر میں روزانہ تجزیہ کیا جاتا ہے اور فوری طور پر صوبوں کو ان کے حل کے لیے مطلع کیا جاتا ہے تاکہ بروقت جواب اور مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔

موجودہ مردم شماری ایک تاریخی سنگ میل ہے کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کی پہلی ڈیجیٹل گنتی ہے۔

ڈیجیٹائزیشن کی جانب پیش قدمی صوبائی اور ضلعی حکومتوں کو جیو ٹیگ والے مکانات اور اہلکاروں کی جانب سے انٹر کیے گئے ڈیٹا کے معیار کو استعمال کرتے ہوئے چھوٹے ہوئے علاقوں کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔

پی بی ایس نے ایک ہیلپ لائن، 080057574، اور ایس ایم ایس گیٹ وے 9727 قائم کرکے صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی مزید مدد کی ہے، جہاں لوگ سوالات کے لیے کال کر سکتے ہیں یا کسی یا کسی علاقے کے شمار نہ ہونے کی اطلاع دے سکتے ہیں۔

مجموعی طور پر مردم شماری کے 495 امدادی مراکز اب تمام چھوٹنے والے علاقوں کے حوالہ جات کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024