ٹوئٹر کے ٹکر کا پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی متعارف‘
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے سابق مالک جیک ڈورسی نے ٹوئٹر کی ٹکر کا پلیٹ فارم متعارف کرادیا، جس سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ٹوئٹر کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
جیک ڈورسی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ٹوئٹر کو 2005 میں بنانے کے بعد 2006 میں اسے متعارف کرایا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کا سب سے موثر ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم بن گیا۔
بعد ازاں ٹوئتر کو ایک کمپنی کے طور پر چلایا گیا اور جیک ڈورسی اس کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) رہے، تاہم ٹوئٹر کو 2022 میں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو فروخت کردیا گیا تھا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کیں اور پلیٹ فارم پر پیسوں کے عوض بلیو ٹک دینے کی سروس بھی شروع کی جب کہ 20 اپریل 2023 کو ٹوئٹر سے مفت بلیو ٹک سروس باضابطہ طور پر ختم بھی کی گئی۔
ٹوئٹر کو فروخت کرنے کے بعد جیک ڈورسی نے ایک اور انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے ماہر جے گریبر (Jay Graber) کے ہمراہ ’بلیو اسکائی‘ نامی پلیٹ فارم پر کام تیز کیا اور اب مذکورہ پلیٹ فارم کی ایپلی کیشن کو اینڈرائیڈ صارفین کے آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرادیا گیا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’انگیجٹ‘ کے مطابق ’بلیو اسکائی‘ کو اگرچہ ابتدائی طور پر 2019 میں بنایا گیا تھا، تاہم اسے تاحال باضابطہ طور پر متعارف نہیں کیا گیا لیکن اب اسے آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرادیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ’بلیو اسکائی‘ بظاہر ٹوئٹر کی طرح ہی کام کرے گا، تاہم مذکورہ پلیٹ فارم ٹوئٹر سے مختلف بھی ہوگا اور صارفین اپنی مرضی سے پلیٹ فارم کا فیڈ ڈیزائن کر سکیں گے۔
یعنی مذکورہ پلیٹ فارم میں کس طرح کی چیزیں یا ٹاپک سے متعلق مواد کس انداز میں شیئر کرنا ہے، اس متعلق فیصلہ خود صارفین کریں گے اور وہ اپنی ترجیحات کی بنا پر پلیٹ فارم کے پیج کو ڈیزائن بھی کر سکیں گے۔
فوری طور پر پلیٹ فارم کو صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے اور صارفین ابھی مذکورہ پلیٹ فارم پر اس وقت ہی اکاؤنٹ بنانے کے اہل ہوں گے جب انہیں کسی دوسرے فرد کی جانب سے انوٹیشن کوڈ موصول ہوگا۔
علاوہ ازیں پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانے کے خواہش مند افراد کو اپنا ای میل فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے، تاکہ جن افراد کو دوسرے فرد کی جانب سے انوٹیشن کوڈ موصول نہیں ہو رہا وہ کمپنی کی جانب سے ای میل کوڈ موصول ہونے پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکیں۔
اگرچہ ’بلیو اسکائی‘ کی ایپ کو بھی متعارف کرادیا، تاہم مذکورہ پلیٹ فارم کو تاحال باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا اور ابھی اس پر آزمائش جاری ہے، تاہم اسے کچھ عرصے میں باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔