• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عیدالفطر پر دوبارہ ریلیز

شائع April 21, 2023
فلم کو ابتدائی طور پر اکتوبر 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو ابتدائی طور پر اکتوبر 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

پاکستانی سینما تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو عید الفطر کے موقع پر دنیا کے متعدد ممالک میں دوبارہ ریلیز کردیا گیا۔

فلم کو ابتدائی طور پر پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پہلی فلم بنی تھی جسے ملک کے بجائے بیرون ممالک کی زیادہ سینما اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اکتوبر 2022 میں ابتدائی طور پر امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی، ترکی، فرانس، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سعودی عرب اور دیگر ممالک کی 500 اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسکرینز کی تعداد مزید بڑھائی گئی تھی۔

فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی کاسٹ پر مبنی پہلے ہی ہفتے ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بنی تھی اور یہ دنیا بھر میں پنجابی زبان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بنی تھی۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق ’دی لجنڈ آف مولا جٹ‘ نے اب تک دنیا بھر سے ایک کروڑ 38 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی کی ہے جو پاکستانی سوا تین ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔

ریکارڈ کمائی کرنے والی یہ نہ صرف پہلی پنجابی بلکہ پہلی پاکستانی فلم بھی ہے اور اس کی کمائی پاکستان کی 200 فلموں کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔

فلم کو ایکشن اور مناظر کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستانی فلموں کے شوقین افراد کی پرزور فرمائش پر اسے دنیا بھر میں عید الفطر پر دوبارہ ریلیز کردیا گیا۔

فلم کو عید کے موقع پر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں پیش کردیا گیا۔

فلم کو جہاں عالمی سطح پر دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے، وہیں یہ فلم اکتوبر سے تاحال پاکستانی سینماؤں میں دکھائی جا رہی ہے اور 20 اپریل تک اس کا ٹکٹ محض 300 روپے تھا لیکن اب عید الفطر کی وجہ سے ممکنہ طور پر اس کا ٹکٹ مہنگا کیا جائے گا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ملکی سینماؤں میں ریکارڈ اور طویل عرصے تک دکھائی جانے والی فلم بھی بن گئی۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے، جس میں حمزہ علی عباسی، فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک سمیت دیگر افراد نے کام کیا، اس کی ہدایات بلال لاشاری نے دیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024