• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

توہین مذہب کے الزام میں گرفتار چینی شہری کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

شائع April 18, 2023
ملزم کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا—فوٹو: ناصر احمد خان
ملزم کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا—فوٹو: ناصر احمد خان

خیبرپختونخوا کے ضلع بالائی کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہری کو توہین مذہب کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے بعد ایبٹ آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چینی شہری پر مزدوروں کی جانب سے توہین مذہب کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اپر کوہستان کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) محمد خالد نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم نے غیر ملکی مشتبہ شخص کو توہین مذہب اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے اور اسے ایبٹ آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کے سامنے پیش کرنے کے لیے یہاں سے ہوائی جہاز کے ذریعے بھیج دیا۔

بعدازاں ملزم کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی کہ ملزم کو کہاں قید رکھا گیا ہے تاہم ڈی پی او نے بتایا کہ چینی شہری کو گزشتہ شب ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کومالیہ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نصیر الدین نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملزم کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے۔

ہیوی گاڑی کے ڈرائیوروں گلستان اور یاسر کی شکایت پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کی کاپی ڈان ڈاٹ کام کے پاس دستیاب ہے۔

کومالیہ پولیس اسٹیش میں درج شکایت میں کہا گیا کہ اتوار کی رات پولیس افسر جہانزیب کو اطلاع ملی کہ ایک ہجوم بارسین کے قریب چینی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مقامی افراد نے مظاہرہ کیا اور کیمپ کے سائٹ آفس نمبر 6 کو نقصان پہنچایا۔

شکایت میں مزید کہا گیا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی صورتحال پر قابو پانے کے بعد ملزم کو بحفاظت کومالیہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔

تاہم مزید کہا گیا کہ پیر کی علی الصبح بڑی تعداد میں لوگ کومالیہ اسٹیشن پہنچے اور ایک بار پھر قراقرم ہائی وے کو بلاک کر دیا، انہوں نے نعرے بازی بھی کی۔

پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد مظاہرین نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے کھول دیا، مقامی مذہبی رہنماؤں نے بھی مظاہرین پر زور دیا کہ احتجاج ختم کردیں۔

بعد ازاں ایس ایچ او نصیر الدین نے ڈان کو بتایا تھا کہ ملزم کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایبٹ آباد منتقل کردیا گیا ہے کیونکہ پولیس کو خدشہ تھا کہ مقامی لوگ اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کا سیکشن 7 شامل کیا گیا ہے، چینی شہری کو ایبٹ آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024