امریکی نائب صدر کمالا ہیرس کو پاکستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
امریکی نائب صدر کمالا ہیرس کو پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امریکی طاقت ور حلقوں میں حمایت حاصل کرنے کے لیے اپنی مہم وسیع کر رہی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کے لیے ڈیموکریٹک کے امیدوار ڈاکٹر آصف محمود جو کیلیفورنیا کے قانون سازوں کا وفد پاکستان لے کر گئے اور سابق وزیراعظم عمران خان سے بھی ان کی ملاقات کا انتظام کیا، دونوں حلقوں میں فٹ بیٹھتے ہیں۔
ڈاکٹر آصف محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی نائب صدر سے کیلی فورنیا میں ملاقات اور ان کے ساتھ صورتحال پر تبادلہ خیال کی تصدیق کی۔
انہوں نے بات چیت کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم پی ٹی آئی حکام نے بتایا کہ ان کی بات چیت پاکستان میں سیاسی بحران کے حوالے سے ہوئی۔
خیال رہے کہ 13 اپریل کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مہینے سے بھی کم عرصے میں امریکا کے 4 قانون سازوں سے بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے مطالبے کی حمایت کریں۔
عمران خان نے جن چار امریکی قانون سازوں سے رابطہ کیا ان میں ٹیڈ لیو، ایرک سوالویل، بریڈ شرمین اور مائیک لیون شامل ہیں اور چاروں ارکان کا تعلق حکمران ڈیموکریٹس سے ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کے موجودہ ڈیموکریٹک انتظامیہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔
ڈان کو پی ٹی آئی چیئرمین کے سمندر پار پاکستانیوں کے مشیر عاطف خان نے بتایا تھا کہ بات چیت صرف آزادانہ اور شفاف انتخابات کی ضرورت پر ہوئی، جس سے پاکستان کو استحکام ملے گا کیونکہ صرف انتخابات سے ہی میں استحکام آسکتا ہے۔