• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی میڈیا کو انٹرویو کے دوران وسیم اکرم کا جاوید اختر کے متنازع بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار

شائع April 14, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں ڈیبیو دینے والے پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ایک انٹرویو کے دوران جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ابھی صرف فلم کی پروموشن کے لیے موجود ہیں۔‘

یاد رہے کہ بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر لاہور میں 17 سے 19 فروری تک ہونے والے فیض فیسٹیول میں شریک ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنے سیشن کے دوران پاک-بھارت ثقافتی تعلقات، دونوں ممالک میں علاقائی زبانوں کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر بھی بات کی تھی۔

جاوید اختر نے فیض میلے میں پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی اور انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ممبئی کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے وہاں پر حملے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

جاوید اختر نے پاکستان کا نام لیے بغیر فیسٹیول میں موجود تماشائیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے لوگ اب بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں اور اس بات کو ایک ہندوستانی کا شکوہ سمجھ کر برداشت کریں۔

گزشتہ روز وسیم اکرم نے اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیا، اس دوران میزبان نےجاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان پر وسیم اکرم کی رائے پوچھی۔

جس پر سابق کرکٹر نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی موضوعات پر بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ ابھی صرف فلم کی پروموشن کے لیے موجود ہیں، اگر مجھے کسی دوسرے ملک مدعو کیا گیا تو میں اس کے مثبت پہلووں کے بارے میں بات کروں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے بھارت جانے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ہم بھارت ضرور آنا پسند کریں گے، میں نے وہاں 7 سے 8 ماہ گزارے ہیں، میں اپنے دوستوں اور بھارتی کھانے کو بہت یاد کرتا ہوں بالخصوص ’ڈوسا‘ جو پاکستان میں نہیں ہے، انشااللہ ہم بہت جلد بھارت آئیں گے۔

شنیرا اکرم نے کہا کہ حالانکہ وسیم بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نہیں کھیلے لیکن بھارت میں لوگ وسیم اکرم کو ’وسیم بھائی‘ کہہ کر بلاتے ہیں جو بہت اچھی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بہت یاد آتا ہے، ہم نے اپنی شادی کے بعد 4 سال بھارت میں گزارے، شاید آسٹریلیا سے زیادہ وقت یہیں پر گزارا، میرے دادا امرتسر میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے بچوں کو ایک بار واپس وہیں لے جانا چاہتی ہوں۔

یاد رہے کہ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ڈیبیو دے رہے ہیں، جبکہ فلم کے ہدایت کار معروف کمرشل ڈائیریکٹر فیصل قریشی ہیں جنہوں نے سیولر کمپنی کے لئے بے شمار مزاحیہ کمرشلز تخلیق کیے۔

یہ فلم رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہوگی، اس فلم میں وسیم اکرم ایک بینک کے صدر کا کردار ادا کریں گیں جبکہ شنیرا ایک بین الاقوامی صحافی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

منی بیک گارنٹی سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی کرپشن پر ایک سیاسی طنز اور کامیڈی پر مبنی فلم ہے۔

فیصل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فواد خان، حنا دلپذیر، علی سفینہ، شایان خان، میکال ذوالفقار، گوہر رشید اور جان ریمبو شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024