• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان نے آئی ایم ایف جائزے کے تمام پیشگی اقدامات مکمل کر لیے ہیں، اسحٰق ڈار

شائع April 12, 2023
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہاہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزے کے حوالے سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے سالانہ موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی ٹیم سے زوم کے ذریعہ میٹنگ کے دوران کہی جہاں آئی ایم ایف کی ٹیم کی قیادت مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا کے لیے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد آذر نے کی۔

فریقین نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام بالخصوص آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی بات چیت اور پیشگی اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہاکہ ملکی مصروفیات کی وجہ سے وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ملک میں قیام کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے وہ واشنگٹن کا طے شدہ دورہ نہ کرسکے اور اسی لیے وہ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے اجلاس میں پاکستان سے زوم کے ذریعے شرکت کررہے ہیں ِ۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کی ٹیم کو پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا اور ملک کے معاشی استحکام کے لیے موجودہ حکومت کے وژن کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے کہا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزہ کے حوالہ سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے گزشتہ دور حکومت میں ان کے وزیر خزانہ ہوتے ہوئے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا۔

مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا کے لیے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد آذر نے اس یقین کا اظہارکیا کہ آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری کے بعد پاکستان کے ساتھ اسٹاف سطح کا معاہدہ جلد ہو جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا اورآئی ایم ایف کا پروگرام بروقت مکمل ہوگا۔

آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردارجاری رکھے گا۔

اجلاس کے دوران وزیرخزانہ نے 9ویں جائزہ کی تکمیل میں جہاد آذر اور ان کے ہمراہ آئی ایم ایف کی ٹیم کے تعاون کو سراہا۔

اس موقع پر وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی محصولات طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا بھی موجود تھے جبکہ امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری اقتصادی امور نے بنفس نفیس اجلاس میں شرکت کی۔

گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن کا دورہ منسوخ کر دیا تھا، دورہ امریکا منسوخ کرنے کے بعد وزیر خزانہ نے قوم کو یقین دہانی کرائی تھی کہ آئی ایم ایف معاہدہ درست سمت میں ہے اور نویں جائزے کے لیے جو کچھ بھی درکار تھا وہ حکومت نے مکمل کرلیا ہے۔

گزشتہ ماہ وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض کی قسط میں دوست ممالک کی طرف سے معاشی معاونت کے عزائم آخری رکاوٹ ہیں۔

اسی طرح وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو سعودی عرب نے بھی پاکستان کو قرض دینے سے متعلق یقین دہانی کرائی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024