• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

موبائل فون کو صاف کرنے کے مفید طریقے

شائع March 29, 2023
ضروری ہے کہ موبائل فون کی اچھی طرح صفائی کی جائے تاکہ آپ خطرناک جراثیم سے محفوظ رہ سکیں — فوٹو: نیویارک ٹائمز
ضروری ہے کہ موبائل فون کی اچھی طرح صفائی کی جائے تاکہ آپ خطرناک جراثیم سے محفوظ رہ سکیں — فوٹو: نیویارک ٹائمز

موبائل فون ہماری زندگی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور اس کے بغیر زندگی کا شاید ہی تصور کر سکتے ہیں، ہم اسمارٹ فون کو ایک دن میں سیکڑوں بار ہاتھ لگاتے ہیں اور کئی مرتبہ کال سننے کے لیے اسے کانوں پر لگاتے ہیں۔

لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس دوران فون پر موجود لاتعداد جراثیم اور بیکٹیریا آپ کے کانوں، ہاتھوں میں منتقل ہوسکتے ہیں جس سے خطرناک بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔

آپ یقین کریں یا نہ کریں لیکن امریکی اخبار ’ٹائمز میگزین‘ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت کا دعویٰ ہے کہ موبائل فون میں ٹوائلٹ سیٹ سے 10 فیصد زیادہ بیکٹیریا ہو سکتے ہیں بالخصوص اگر آپ کے فون میں بیک کوور نہ ہو۔

اسی لیے ضروری ہے کہ موبائل فون کی اچھی طرح صفائی کی جائے تاکہ آپ خطرناک جراثیم سے محفوظ رہ سکیں۔

ایپل، سام سنگ، اور گوگل موبائل فون کو صاف کرنے کے لیے اپنی اپنی تجاویز پیش کرتے ہیں اور ان کی تجاویز میں تقریباً مماثلت ہوتی ہے۔

اسی لیے ’نیو یارک ٹائمز‘ کی رپورٹ میں کچھ مخصوص تجاویز بتائی گئی ہیں جس کی مدد سے آپ گھر بیٹھے 15 سے 20 منٹ میں اپنے فون کی صفائی کرسکتے ہیں۔

فون صاف کرنے کے لیے کون سی اشیا کی ضرورت ہوگی؟

ملائم ، صاف کپڑا: اپنے فون کی سطح کو صاف کرنے کے لیے آپ کو پہلے ملائم کپڑا کی ضرورت ہوگی، ایپل ریشم کپڑا تجویز کرتا ہے اور سام سنگ مائیکرو فائبر کپڑا تجویز کرتا ہے۔

گرم، صابن والا پانی: تھوڑے سے پانی میں ڈش صابن کے صرف چند قطرے ڈالیں۔

70 فیصد آئسوپروپائل الکوحل وائپس: ایپل، سام سنگ اور گوگل موبائل فون کے لیے آئسوپروپائل الکوحل وائپس استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ایپل کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ 75 فیصد ایتھائل الکوحل وائپس یا کلوروکس ڈس انفیکٹنگ وائپس بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

ٹوتھ پک: فون کے پورٹس کو صاف کرنے کے لیے ٹوتھ پک کا استعمال بہترین ہے، اگر آپ پورٹس کو دھات سے صاف کریں گے تو فون کے اندرونی حصے کو نقصان پہنچے گا۔

صاف کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟

فون کو صاف کرنے میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں، چارجنگ پورٹ سے آلودگی صاف کرنے کے لیے چند منٹ لگ سکتے ہیں۔

جب بھی آپ کو دھول سے بھری اسکرین نظر آئے تو اسے فوری صاف کریں۔

فون کو چارجنگ سے ہٹا کر سوئچ آف کرلیں

آپ کے فون کو صاف کرنے سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا فون مکمل طور پر بند ہو اور کسی بھی الیکٹرک ڈیوائس سے کنکٹ نہ ہو۔

صاف کپڑے سے ہلکے ہاتھوں سے صاف کریں

فون کو پانی سے صاف کرنے سے قبل اسے صاف اور نرم کپڑے سے صاف کریں، اس کے نتیجے میں انگلیوں کے نشانات یا دھبے ہٹ جائیں گے۔

رگڑ کر صاف کرنے سے فون پر نشانات ہوسکتے ہیں۔

گرم، صابن والے پانی سے دھوئیں

اگر نرم کپڑے کے صاف کرنے کے بعد بھی فون پر نشانات موجود ہیں تو مائیکرو فائبر کپڑے کو گرم کریں اور صابن والے پانی سے نم کرنے کی کوشش کریں اور پھر موبائل فون کی سطح کو صاف کریں۔ یہ بات یقینی بنائیں کہ کپڑے کو زیادہ گیلا مت ہونے دیں

اس دوران آپ آئسوپروپائل الکوحل وائپس کا بھی استعمال کرسکتے ہیں جو جراثیم سے پاک رکھتا ہے۔

چارجنگ پورٹ سے دھول کو صاف کریں

کیا کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے کہ موبائل فون کو چارج کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو؟ اس کی ایک وجہ چارجنگ پورٹ میں دھول ہوسکتی ہے۔

اس کو صاف کرنے کے لیے ٹوتھ پک کا استعمال کریں اور آہستہ سے اپنے چارجنگ پورٹ کے اندر دھول کی صفائی کریں۔

اوپر دی ہوئی تجاویز پر عمل کرکے آپ اپنے فون کو جراثیم سے پاک کرسکتے ہیں، لیکن یاد رکھیں کہ فون کی صفائی دھیان سے کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچ سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024