• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیر اعظم کی ضرورت مند افراد کیلئے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

شائع March 26, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ماہ مقدس کے دوران لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ماہ مقدس کے دوران لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ رمضان میں ضرورت مند افراد کی مشکلات کم کرنے کے لیے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے لاہور میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ماہ مقدس کے دوران لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’میں لاہور، قصور اور سرگودھا کے دوروں کے بعد مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے دیگر شہروں کا بھی دورہ کروں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مستحق افراد کو فوری طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے جو ابھی تک اس پروگرام میں رجسٹر نہیں ہوسکے ہیں۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور بی آئی ایس پی کے کاؤنٹرز فوری طور پر آٹے کی تقسیم کے مقامات پر کھولے جائیں۔

وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ آٹے کی مفت تقسیم والے مراکز میں آنے والے ہر ضرورت مند کو آٹا دیا جائے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اقدامات کریں۔

دریں اثنا بلوچستان حکومت نے گندم کی کم از کم سپورٹ پرائس 4 ہزار روپے فی 40 کلو گرام مقرر کردی ہے اور یکم اپریل سے خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں کسانوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کرکے گندم کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے یکم اپریل سے کاشتکاروں سے گندم کی خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ خوراک کو 6 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ خزانہ گندم کی خریداری کے لیے جلد ہی محکمہ خوراک کو اضافی 2 ارب روپے جاری کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024