• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کی ’گمشدگی‘ کی ایف آئی آر بالآخر درج

شائع March 26, 2023
اظہر مشوانی کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ کچھ نامعلوم افراد ان کے بھائی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے—فوٹو: اظہر مشوانی/فیس بک
اظہر مشوانی کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ کچھ نامعلوم افراد ان کے بھائی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے—فوٹو: اظہر مشوانی/فیس بک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا کارکن اظہر مشوانی کے مبینہ اغوا پر مقدمہ کے اندراج کی درخواست پر سیشن عدالت کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کیے جانے کے بعد سٹی پولیس نے بالآخر گزشتہ روز اُن کو اغوا کرنے کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن کی شکایت پر گرین ٹاؤن پولیس تھانے میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اظہر مشوانی جمعرات (23 مارچ) کو اپنے گھر کے باہر اس وقت لاپتا ہو گئے جب وہ ٹیکسی میں زمان پارک جا رہے تھے۔

کچھ دیر بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا تھا اور ان کے اہل خانہ اور دوست احباب اس سے رابطہ نہیں کر سکے۔

اظہر مشوانی کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ کچھ نامعلوم افراد ان کے بھائی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے۔

قبل ازیں اظہر مشوانی کے بھائی مظہرالحسن نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اغوا کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دی گئی تھی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ پولیس کو ان کے بھائی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے اور اُن کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سی سی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کارکن اظہر مشوانی 23 مارچ کو لاپتا ہوگئے تھے، اس واقعے کو ریاستی جبر کی انتہا قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے حکام پر پارٹی کارکن کو اغوا کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی پی ٹی آئی کارکن کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔

ایک ٹوئٹ میں ہیومن رائٹس کمیشن نے لکھا کہ ’ادارہ پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر حالیہ سیاسی میدان میں پارٹی کارکنوں کے خلاف قابل اعتراض حربے استعمال کرنے پر پنجاب پولیس اور صوبائی حکومت پر تنقید کی تھی، اظہر مشوانی کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024