• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لاہور: عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش، 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

شائع March 25, 2023
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا—فوٹو:رانا بلال
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا—فوٹو:رانا بلال
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا—فوٹو:رانا بلال
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا—فوٹو:رانا بلال

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف درج 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کے لیے عمران خان انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پورے ملک میں کنٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے، یہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ عوام بھرپور نکلے گی کیونکہ لوگ ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ ان پر ظلم کر رہے ہیں، جو قوم بڑے فخر سے آزاد ہوئی تھی اس آزادی کو انہوں نے ختم کر دیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ ہمارے لوگوں کو ٹارچر کر رہے ہیں، ان کو اٹھا رہے ہیں، یہ جو بھی حربے استعمال کر رہے ہیں آج پوری قوم کے سامنے ان کو جواب دوں گا۔

بعدازاں عمران خان کی درخواست پر جج اعجاز بٹر نے سماعت کی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ’عمران خان عدالت کے سامنے موجود ہیں‘۔

جج نے ہدایت دی کہ ’عدالتی عملہ عمران خان کی حاضری کا پروسیجر مکمل کرے‘۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کو ایک، ایک لاکھ کا مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت 4 اپریل تک منظور کرلی اور پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔

جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدایت دی کہ ’آپ نے کسی بھی تاریخ پر غیر حاضر نہیں ہونا اور آپ شامل تفتیش بھی ہوں‘۔

فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ ’آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا‘۔

قبل ازیں عمران خان نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں ،پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکے۔

واضح رہے کہ تھانہ ریس کورس لاہور میں عمران خان کے خلاف 3 مقدمات درج اور زیر تفتیش ہیں۔

تھانہ ریس کورس میں عمران خان کے خلاف ایف آئی آرز نمبرز 365/23، 388/23، 410/23 دفعات 312، 148، 149، 353، اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024