• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ٹی آئی نے امریکا میں ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلیں

شائع March 24, 2023
پی ٹی آئی امریکی فرم کو ماہانہ 8 ہزار 333 ڈالر ادا کرے گی— فائل فوٹو: آئی این پی
پی ٹی آئی امریکی فرم کو ماہانہ 8 ہزار 333 ڈالر ادا کرے گی— فائل فوٹو: آئی این پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی زندگی کو درپیش خطرات سے امریکی شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے بتایا کہ امریکا میں پی ٹی آئی نے شہریوں کو عمران خان کو درپیش خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

پی ٹی آئی کا یہ اقدام واشنگٹن میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش ہے جہاں وہ زیادہ مقبول نہیں ہیں جبکہ یہ پارٹی کی جانب سے بائیڈن انتظامیہ کو گزشتہ برس اپریل میں ان کی حکومت گرانے کا الزام عائد کیا جار ہا تھا، اس مؤقف کے بالکل خلاف ہے۔

امریکی محکمہ دفاع میں جمع کرائی گئیں دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی امریکا نے واشنگٹن میں قائم لابنگ فرم پرایا کنسلٹنٹس ایل ایل سی کے ساتھ 21 فروری 2023 کو 6 ماہ کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

امریکی فرم کے ساتھ معاہدے کو باہمی رضامندی سے 6 ماہ کے بعد توسیع دی جاسکتی ہے، نیویارک میں رجسٹر پی ٹی آئی امریکا لابنگ فرم کی مرکزی کلائنٹ ہے اور کمپنی کو ماہانہ بنیاد پر 8 ہزار 333 ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

معاہدے کے تحت فرم اپنے کلائنٹ کے امریکی حکومت اور اداروں کے ساتھ تعلقات سے متعلق ماہرانہ مشورے دے گی، فرم امریکا کے اہم فیصلہ سازوں سے ملاقاتوں کا انتظام بھی کرے گی اور ملاقات کے حوالے سے مواد کی فراہمی کے لیے رہنمائی بھی کرے گی۔

پی ٹی آئی نے امریکی فرم کے ساتھ معاہدہ ایک ماہ قبل کیا ہے اور اس معاہدے کے حوالے سے خاموش رہی لیکن بدھ کو امریکا کے لیے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے ٹوئٹر پر معاہدے کی ایک کاپی جاری کی اور معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے مشیر اوورسیز عاطف خان نے اس رپورٹ پر ناراضی کا اظہار کیا حالانکہ وہ خود اس معاہدے کو تسلیم کرچکے ہیں اور کہا کہ جو ادائیگی ہم کر رہے ہیں وہ پاکستان سے نہیں ہو رہی ہے، یہ ہمارا پیسہ ہے جس سے ہم عمران خان کی حفاظت کے لیے خرچ کر رہے ہیں۔

ڈان کو انہوں نے بتایا کہ فرم ہمیں امریکیوں کو آگاہ کرنے میں مدد کرے گی کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

دوہرا معیار

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے پی ٹی آئی کو امریکی لابنگ فرم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا ’دوہرا معیار اور منافقت‘ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی ممالک لابسٹس کی خدمات حاصل کرتے ہیں اور سیاسی جماعتیں بھی کرتی ہیں لیکن یہ معاملہ خاص طور پر عجیب ہے کیونکہ یہ ایک ایسی جماعت نے کیا ہے جو خود امریکی سازش کا شکار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاملہ تھا تو اب وہ سائفر بیانیے کی ناکامی کے بعد امریکی فیصلہ سازوں کا اثر رسوخ خریدنے اور اس سے قبل لابنگ کی خدمات حاصل کے لیے بے قرار کیوں ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا دوہرا معیار اور یوٹرنز کئی مرتبہ بے نقب ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024